|

وقتِ اشاعت :   November 4 – 2016

حب: وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو نے کہاہے کہ سانحہ گڈانی کے ذمہ داران کاتعین کرنے کے لیئے جو بااختیار کمیٹی بنی ہے رپورٹ سامنے آنے پر کوتائی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی چاہے وہ صنعت کار ہوں یا سرکاری ملازم ہو ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز شپ بریکنگ یارڈ میں واقع پلاٹ نمبر 54میں آتشزدگی کے واقعہ کے بعد متاثر ہ جائے وقوعہ پردورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس موقع پر سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار رتنانی ،ایم پی اے گھنشا م داس مدوانی ،وائس ایڈمرل کے پی ٹی شفقت جاوید ، چیئرمین میونسپل کمیٹی حب رجب علی رند بھی ان کے ہمراہ تھے انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز وزیر اعظم نواز شریف کے زیرصدارت کابینہ اجلاس میں سانحہ گڈانی کے حوالے سے ایک بااختیار انکوائری کمیٹی بنائی گئی ہے وزیر اعظم کی ہدایت پر آج شپ بریکنگ یارڈ گڈانی دورے کا مقصد سانحہ سے متعلق حقائق معلوم کرنا اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات اٹھاناشامل ہے انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی کہ شپ بریکرز میں کام کرنے والے مزدوروں کی سیفٹی کے حوالے سے حفاظتی انتظامات نہیں کیئے گئے تھے اور ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سید ذوالفقار شاہ نے واقعہ کے حوالے سے وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کو بتایا کہ شپ بریکنگ کے مذکورہ پلاٹ کے ٹھیکیدار نے این او سی کے بغیر آئل سے بھری ہوئی بحری ناکارہ جہاز کی کٹائی کا کام جلد بازی اور احتیاطی تدابیر اور آئل ٹینکس کی صفائی کے بغیر کیا تھا جس کی وجہ سے یہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا اور قیمتی انسانی جانوں کا ضائع ہوا جو ایک انسانی المیہ ہے میر حاصل خان بزنجو نے کہاکہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ حکومت بلوچستان کی ملکیت ہے اور سانحہ گڈانی رونما ہونے کے بعد وفاقی حکومت بھی صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر متاثرین کی امداد کے لئے اقدامات کررہی ہے اور ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔