کوئٹہ+ڈیرہ بگٹی: بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں رینجرز ، ایف سی اور حساس ادارے نے ایک کارروائی کے دوران کالعدم مذہبی تنظیم جنداللہ کے امیر ثاقب عرف عارف کو ہلاک کردیا۔ بڑی تعداد میں اسلحہ گولہ و بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے چند روز قبل کراچی سے گرفتار ہونے والے دو دہشتگردوں کی نشاندہی پر حب کے علاقے ساکران روڈ پر ایک فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس میں ایک دہشتگرد ثاقب عرف عارف عرف انجم مارا گیا جبکہ اس کی اہلیہ اور نو سالہ بچہ بھی زخمی ہوگئے۔ کارروائی کے دوران ایک مبینہ خودکش حملہ آور کامران بھی پکڑا گیا۔ جبکہ بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد، دستی بم، راکٹ گولے ، پستول ، رائفلیں اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مارا گیا دہشتگرد ثاقب عرف عارف کالعدم جنداللہ پاکستان کا امیر تھا اور القاعدہ،جماعت الاحرار،داعش کیساتھ مل کر کارروائیاں کرتا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عارف عرف ثاقب لشکرجھنگوی کے ساتھ بھی دہشت گردی کی کارروائیاں کرتاتھا ۔اور کوئٹہ ، کراچی اوربلوچستان میں ہونیوالے کئی خودکش دھماکوں کا ماسٹرمائنڈتھا،تربت اور ڈیرہ بگٹی میں ایف سی اور حساس اداروں نے مختلف کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے دس دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ بڑی تعداد میں اسلحہ بھی پکڑا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایف سی اور حساس ادارے نے تربت کے نواحی علاقے ہوشاب میں تنک بازار میں کارروائی کی ۔ اس دوران دہشتگردوں اور اہلکاروں کے درمیان کا تبادلہ ہواجس کے بعد کالعدم تنظیم کے آٹھ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ایف سی کے مطابق گرفتار دہشتگردوں سے چار عدد راکٹ گولے ، پانچ عدد رائفلیں، بارودی مواد، دیسی ساختہ بم، 63کلو چرس، بم بنانے میں استعمال ہونیوالے آلات اور مواصلاتی آلات برآمد کرلئے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ سے ہے۔ ایک اور کارروائی ضلع ڈیرہ بگٹی کے علایق کوردان میں کی گئی جہاں سے کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کای گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق کارروائی ایف سی اور حساس ادارے نے ملکر کی جس کے دوران راکٹ لانچر ، کلاشنکوف اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا،بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکورٹی اہلکاروں اور اغواء کاروں میں فائرنگ کے نتیجے میں دو مبینہ اغواء کار ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع پنجگور کے علاقے تسپ میں ایک ماہ قبل اغواء ہونیوالے سرکاری اہلکار کے رشتہ دار وں اور اغواء کاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔ اس دوران اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز بھی موقع پر پہنچ گئی۔ اغواء کاروں نے سیکورٹی اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کی جوابی فائرنگ میں دو مبینہ اغواء کار مارے گئے جبکہ ایک زخمی ہوا۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک اہلکار بھی زخمی ہوا ۔ اغواء کاروں کے قبضے سے مختلف اقسام کی رائفلیں ، پستول اور سینکڑوں کارتوس برآمد کئے گئے۔