کوئٹہ: کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، جلوس اور دھرنوں پر ایک ماہ کیلئے پابندی عائد کردی گئی۔ محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق حالیہ دہشگردی کے واقعات اور ٹارگٹ کلنگ کے پیش نظر لگائی سی آر پی سی 1898 کی دفعہ 6 کے تحت صوبائی دارالحکومت میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 لگائی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ ساتھ لیکر چلنے پر پابندی ہوگی تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ علاوہ ازیں پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اجتماع ، جلوس نکالنے اور دھرنا دینے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ کوئٹہ میں اس سے قبل بھی ٹارگٹ کے واقعات کے پیش نظر تقریبا آٹھ سالوں تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہی۔ شہری حلقوں کے مطابق ماضی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے باوجود بھی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کمی نہیں آئی۔ اس پابندی سے غریب شہری سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔