کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی اور سبی میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دو ارکان مارے گئے جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے سرتاف میں ایف سی اور حساس ادارے نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے دو ارکان مارے گئے جبکہ ان کے دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ آپریشن کے دوران کالعدم علیحدگی پسند تنظیم کے زیر استعمال پانچ خفیہ ٹھکانوں کو بھی مسمار کردیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق ہلاک ملزمان سیکورٹی فورسز اور گیس پائپ لائنوں پر حملوں کے علاوہ تخریب کاری اور بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ ایک اور کارروائی ضلع سبی کے نواحی علاقے سانگان میں کی گئی جس میں ایف سی اور حسا س ادارے نے مشترکہ طور پر حصہ لیا،دریں اثناء ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی سے نامعلوم افراد نے دو افراد کو اغواء کرلیا۔ لیویز کے مطابق واقعہ تحصیل سوئی سے تقریباً پچیس کلو میٹر دور شمال مغرب کی جانب سوناری مٹ میں پیش آیاجہاں سے کالعدم تنظیم کے فراری دو افراد لطیف خان ولد مینگل خان بگٹی اور صوبیدار ولد لحاق خان حمزانی بگٹی کو اغواء کرکے اپنے ہمراہ نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔