کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع سبی میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مبینہ طور پرٹرینوں پر حملوں میں ملوث پانچ عسکریت پسند مارے گئے ۔ بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ ایف سی حکام کے مطابق سبی کے نواحی علاقے تلی ، کلگری اور قریبی علاقوں میں ایف سی سبی اسکاؤٹس اور حساس ادارے نے کالعدم تنظیم کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں اہلکاروں نے حصہ لیاجبکہ دو ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی لی گئی۔ دہشتگردوں کے کیمپوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنانے کے بعد زمینی راستے سے اہلکار داخل ہوئے۔ ترجمان ایف سی کے مطابق آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشتگرد مارے گئے جبکہ کالعدم تنظیم کے تین ٹھکانے بھی مسمار کردیئے گئے۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا جس میں پانچ کلاشنکوف، راکٹ گولے ، بارودی سرنگیں اور دیسی ساختہ بم بھی شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق ہلاک افراد سیکورٹی فورسز کے علاوہ مسافر ٹرینوں پر حملوں ا ور سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دو مشتبہ افرد کو بھی حراست میں لیا گیا۔تلی سرچ آپریشن میں ہلاک افراد میں چار کی شناخت ہوگئی جن میں فیضان ولد قادر خان ،حمل خان ولد قادر خان ،بخت علی ولد شیر علی ،ڈولو ولد نامعلوم شامل ہیں ہلاک افراد کا تعلق مری قبیلے سے بتا یا جاتا ہے ۔دریں اثناء بلوچستان کے علاقے ڈھاڈر میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی علاقے میں ترقیاتی کام کرنیوالے مزدوروں پر فائرنگ معجزانہ طور پر تمام مزدور محفوظ رہے یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ڈھاڈر کے علاقے لہڑی سنی میں ٹھیکیدار جمیل احمد کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنیوالے مزدوروں پر نامعلو م موٹرسائیکل سواروں نے اندھادھند فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے تا ہم تمام مزدور معجزانہ طور پر محفوط رہے واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملازمین کی تلاش شروع کر دی،علاوہ ازیں ایف سی اور حساس اداروں نے نصیر آباد اور پنجگور میں کارروائی کر کے 3افراد کوگرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا، پنجگور کے علاقے گچک میں ایف سی نے کارروائی کر کے 3مشتبہ افراد کو گرفتارکر لیا، جن سے 12رائفلز اور ایس ایمجی برآمد کی گئی ، جبکہ ڈیرہ مراد جمالی میں چھاپے کے دوران دو عدد کلاشنکوف اور تین رائفلز برآمد کی گئی ہے