|

وقتِ اشاعت :   December 2 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کوہلو میں لیویز فورس اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ڈپٹی کمشنر کوہلو آغا نبیل اختر نے میڈیا کو بتایا کہ لیویز اور حساس اداروں کو ضلع کوہلو کے نواحی علاقوں تکڑو او سفید میں میں تخریب کاروں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر لیویز فورس نے کارروائی کی ۔ تاہم لیویز کے پہنچنے سے پہلے تخریب کارفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔کارروائی کے دوران تخریب کاروں کے ٹھکانے سے زیر زمین دفن اسلحہ کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق برآمد شدہ اسلحے اور دھما کہ خیز مواد میں 10دستی بم، 9عدد راکٹ گولے،ایک مارٹر گولہ، 3عددراکٹ فیوز، 85عددطیارہ شکن مشین گن کے کارتوس، ،1760 کلاشنکوف کے کارتوس اورایک سیٹلائٹ فون شامل ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ کاروائی میں کوہلو سے اب تک کی سب سے بڑی کھیپ برآمد کی گئی ہے جو کہ لیویز فورس کے لئے اعزاز سے کم نہیں ۔دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کامیاب کارروائی پر ڈپٹی کمشنر کوہلو اور لیویز فورس کو سراہا ہے اور ان کیلئے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا ۔