|

وقتِ اشاعت :   December 5 – 2016

خضدار : میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ خضدار شہر کی خوبصورتی پر مذید 4کروڑروپے خرچ کئے جائیں گے ۔ خضدار میں بلدیاتی نمائندے مشترکہ لائحہ عمل کے تحت ملکر شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے اقدامات کررہے ہیں ۔ہمارے شہر کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں رواداری باہمی اتحاد و اتفاق موجود ہے۔بلدیاتی نمائندے اور تمام سیاسی جماعتیں ملکر تمام معاملات طے کرنے کے لئے کردار ادا کرتے ہیں ۔خضدار شہر کی خوبصورتی اور حسن کو سب ملکر دو بالا کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میونسل کارپوریشن کے ممبران حافظ حمید اللہ مینگل میر سعید احمد زرکزئی رئیس بشیراحمد مینگل منیراحمد بلوچ عبدالکریم کھیازئی و دیگر سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ نیشنل پارٹی کے صوبائی کے رہنماء میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے خضدار کو اچھا محل و وقوع دیا ہے ۔ یہ شہر تجارت اور آمدورفت کا مرکز بنا ہوا ہے ۔آنے والے مستقبل میں خضدار شہر کی اہمیت مذید بڑھ جائیگی ۔ سی پیک کے حوالے سے خضدار گوادر کے بعد مرکز بننے والا ہے ۔ ہر گزرنے والے وقت کے ساتھ خضدار کی آبادی بھی بڑھ رہی ہے ۔ جس سے اس شہر کے مسائل بھی اُتنا ہی اضافہ ہواہے ۔ میونسپل کار پوریشن منصوبہ بندی کررہی ہے کہ آبادی کے ہجم کے ساتھ ساتھ خضدار شہر کے مسائل کو کم کرکے اس کی خوبصورتی اور اسے بارونق بنانے کے لئے اقدامات کریں ۔ خضدار شہر کی سڑکوں کوکشادہ بنادیا گیا ۔جب کہ سیوریج سسٹم کو بہتر بنایاجارہاہے ۔ شہر میں صحت تعلیم کے نظام کو بھی درست کیا جارہاہے ۔ یہ تمام تر اقدامات میونسپل کارپوریشن کے ممبران کی باہمی مشاورت سے طے کئے جارہے ہیں ۔ اورانشاء اللہ آنے والے وقتوں میں خضدار کے عوام دیکھیں گے کہ شہر کی خوبصورتی کتنی بہتر ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خضدار ہمارا گھر ہے اور ہم اپنے گھر کو بارونق بنانے کے لئے دن رات محنت کرکے اپنے عوام کی امید و توقعات پر پورا اتریں گے ۔