|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2016

کوئٹہ: رواں سال آٹھ اگست کو سول اسپتال میں خودکش دھماکا کرنے والے حملہ آور کی شناخت ہوگئی۔29سالہ احمد علی اعوان ولد سجاد کوئٹہ کے علاقے کلی دیبہ کا رہائشی تھا ۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق احمد علی کا ڈی این اے ان کے والد اور بھائی سے 100فیصد میچ کرگیا۔سیکورٹی اداروں نے والد اور بھائی کو کچھ عرصہ قبل حراست میں لے کر شامل تفتیش کیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد علی کا ایک بھائی افغانستان میں مارا گیا تاہم احمد کے بھائی اور والد نے تفتیش میں اس بات کی تصدیق نہیں کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملے سے قبل کوئٹہ کے جناح روڈ سے حملے کے ماسٹر مائنڈ کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر جہانگیر بادینی احمد علی کیلئے جوتے اور کالا کوٹ خرید کر دیا تاکہ وہ وکیل کا بھیس بدل کر وکلاء کے درمیان گھسنے میں کامیاب ہو۔ سیکورٹی اداروں نے تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے خودکش حملہ آور اور ماسٹر مائنڈ کی دکان سے جوتے خریدتے ہوئے تصاویر بھی حاصل کرلی تھیں ۔یہ تصاویر پولیس کی جانب سے کچھ عرصہ قبل اخبارات میں اس اعلان کے ساتھ شائع کی گئی تھیں کہ ان کی شناخت میں مدد دینے والے کو ایک کروڑ روپے انعام دیا جائیگا۔