کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں آصف زرداری گھبرانے والے نہیں، ماضی میں بھی انہوں نے سخت او ر برے حالات دیکھے ہیں اور دس سال جیل کاٹی ہے۔ ملک میں موجودہ سیاسی حالات پر تمام اپوزیشن جماعتوں کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے موجود ہ حکمرانوں کی پالیسیوں سے ظاہر ہورہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں وہ انتخابی دنگل سے باہر ہوجائیں گے ۔عوام اپنا ووٹ ،دعوؤں، دھرنوںیا لانگ مارچ سے نہیں دیتے بلکہ جو جماعت عوام کے مسائل کو حل کرتی ہے کہ کامیابی ان کا مقدر بنتی ہے ۔اب ہم بھرپور انداز میں سیاسی میدان میں آگئے ہیں اور عوام کی طاقت سے آئندہ انتخابات میں بر سر اقتدار آئیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو میٹھا در میں ایدھی فاؤنڈیشن کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو اور پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے ایدھی فاؤنڈیشن کے منیجنگ ٹرسٹی فیصل ایدھی سے ملاقا ت اور ان کے والد عبد الستار ایدھی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی ۔انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت اپو زیشن کے گرینڈ الائنس کی ضرورت ہے تاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی جاسکے ۔انھوں نے کہا کہ آصف زرداری کی واپسی سے ملکی سیاست میں فرق نہیں آئے گا جو قوتیں نامساعد حالات پیدا کر کے زرداری کو گھبرانے کی کوششیں کرنا چاہتی ہیں وہ اپنی کوششوں میں ناکام ہوں گے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جمعہ کے روز رینجرز کی جانب سے مارے گئے چھاپوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا آصف علی زرداری نے 10سال جیل کاٹی ہے وہ ڈرنے والے نہیں پہلے بھی ایسے حالات کا سامنا کر چکے ہیں۔آصف علی زرداری متحرک سیاستدان ہیں، مجھے پتہ ہے کہ وہ آئندہ بھی تمام سیاسی حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔دبئی میں سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے مسلم لیگ (ق) کے صدر نے کہا کہ دبئی کی سیاست ختم نہیں ہوئی ابھی چلتی رہے گی لیکن دبئی میں اور بھی بڑے بڑے لیڈر موجود ہیں۔ آصف زرداری دبئی اور لندن میں بیٹھ کر بھی سیاست میں حصہ لے رہے تھے۔ سیاست میں مختلف موضوعات پر بات ہوتی ہے اور موجودہ ملکی حالات میں تمام سیاسی قوتوں سے بات چیت کر کے صحیح سمت متعین کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کا سرمایہ تھے قوم ان کی خدمات کو صدیوں یاد رکھے گی، ان کی لال مسجد آپریشن کے وقت ایدھی صاحب سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی تھی۔ ایدھی صاحب کی ملک کے لئے ناقابلِ فراموش خدمات ہیں، ان کے انتقال کے وقت میں پاکستان میں نہیں تھا اس لئے تعزیت میں تاخیر ہوئی۔ قبل ازیں نے انھوں نے پارٹی اجلا س سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی کارکردگی ان کی پالیسیوں کی وجہ سے خراب ہوئی ہے ، اگر وہ جلد رخصت ہوگئے تو اس کی زمہ دار ان کی ناقص کار کردگی ہوگی ۔ انھوں نے پارٹی رہنماؤں کی ہدایت کی کہ سندھ میں مسلم لیگ ق کو فعال کرنے کے لیے عوام رابطہ مہم شروع کی جائے۔وہ خود بھی جلد سندھ بھر کا دورہ کریں گے ۔بعد ازاں مسلم لیگ ق کے تحت منگھو پیر میں پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی جس کی قیادت مسلم لیگ ق کے مرکزی نائب صدرمیر نصیر مینگل اور سندھ کے سیکرٹری جنرل طارق حسن نے کی۔انھوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلد کراچی سمیت صوبے بھر میں مسلم لیگ ق کے تحت عوامی جلسہ منعقد کیے جائیں گے اور رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا جائیگا۔