اوستہ محمد: مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے بننے والے سیاسی اتحاد کے سربراہ سابق وزیر اعلیٰ میر جان محمد خان جمالی ،اپنی رہائش گاہ کوٹ نور پور جمالی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاہے کہ افغان بھائیوں کو باعزت طور پر اپنے وطن واپس بھیج کرہی صوبے میں مردم شماری کی جائے آج افغانستان کی کرنسی بھی پاکستان سے زیادہ بہترہوچکی ہے حکومت انھیں باعزت طور پرواپس بھجوانے کا انتظام کرے ۔ پاکستان نے لاکھوں کی تعداد میں آنیوالے افغان بھائیوں کی خوب مہمان نوازی کی ہے مگر ان کی موجودگی میں مردم شماری کسی صورت میں قبول نہیں کریں گے ۔ انھوں نے کہاکہ سی پیک کا منصوبہ صرف بلوچستان کی نہیں بلکہ پورے ملک کی ترقی کی ضمانت ہے آج عالمی دنیا سارافوکس افغانستان کو کررہی ہے مگر ایک چین ہمارے ساتھ بھائیوں والا رشتہ نبھا رہاہے وہ بھی مخالفین سے برداشت نہیں ہورہاہے چین اور پاکستان کی اقتصادی ، راہداری صڑف بلوچستان یا دونوں ملکوں کے لئے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لئے راہداری ہے جس سے پوری دنیا کے معاشی مسائل پر مثبت اثر پڑے گاپاکستان اور چین آج پوری دنیا کی ضرورت بن چکے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری بہت جلد جعفرآباد اور نصیرآباد کے علاقوں کو سی پیک میں شامل کرنے کا اعلان کریں گے یہ وہ علاقے ہیں جنھوں نے قائد اعظم کے ساتھ مل کر پاکستان بنایاتھا اور آج ان ہی کے علاقوں کو سی پیک میں شامل کرنے سے یہاں کی ترقی پورے صوبے اور ملک تک پہنچ جائے گی ۔ انھوں نے کہاکہ بہت جلد نواب ثناء اللہ زہری جعفرآباد اور نصیرآباد کا دورہ کرکے سی پیک کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں گے مقامی سطح پر کچھ لوگ اس اتحادکے بننے سے خوفزدہ ہوگئے ہیں انھیں خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے ہمارااتحاد کسی کے خلاف بھی نہیں ہے یہ محض متحد ہوکر حلقہ کی عوام کے مسائل حل کرنے اور مقامی سطح پر ایک پینل ہوکر الیکشن لڑیں گے ۔ انھوں نے کہاکہ وہ دور گزر گئے جب عوامی نمائندے منتخب ہوکر حکمران بن جاتے تھے ۔آج جدید دور میں ایک ریڑھی اور گدھاریڑھے والا بھی اپنا حق لینا خوب جانتا ہے اس میں وہی لوگ کامیاب ہونگے جو منتخب ہونے کے بعد عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل حل کرنے کے لئے پوری محنت اورنیک نیتی کے ساتھ کام کرے ایسانہ کرنے پر عوام میں اب بری طرح فلاپ ہوچکے ہیں اور مستقبل میں مزید فلاپ ہونگے انھوں نے کہاکہ میاں نواز شریف کسی بھی ڈیل پر یقین نہیں رکھتے ہیں جب پورے ملک میں ان کی اکثریت ہے تو وہ ڈیل کبھی نہیں کرسکتے ہیں ن لیگ 2018کے انتخابات میں بھی عوام کے پاس جائے گی اور انشاء اللہ بھرپور کامیابی حاصل کرے گی انھوں نے کہاکہ ماضی کے قوم پرست اور مولوی صاحبان بھی ہمارے ساتھ متحد ہوگئے ہیں ۔