کوئٹہ: بلوچستان میں برفباری کاسلسلہ تھم گیا تاہم کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان چوتھے روز بھی بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بحال نہ ہوسکی، 13جنوری کو بارش کا پہلا قطرہ زمین پر گرتے ہی کوئٹہ سمیت صوبے کے گیارہ اضلاع میں بجلی کی سپلائی معطل ہوئی تھی ، جسے کیسکو حکام کی جانب سے فنی خرابی قرار دیا جاتا رہا اور حکومت کی جانب سے عوام کی تسلی کیلئے برفباری سے لطف اندوز ہونے کی ہدایت کی گئی تھی ، گزشتہ روز کیسکو چیف کی جانب سے منگل کی صبح تک بجلی کی مکمل بحالی کی نوید سنائی گئی ، ساتھ ہی میں صارفین سے معذرت کا اظہار بھی کیاگیاتھا، تاہم منگل کے روز بھی صورتحال جوں کے توں رہی ، اندرون بلوچستان تاریکی میں ڈوبا رہا ، تاہم کوئٹہ کے اکثر علاوں میں کئی گھنٹوں پر محیط غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ وولٹیج میں کمی کی شکایت سامنے آئی، درجن سے زائد علاقوں میں تاریں اب بھی زمین پر گری ہیں اور کھمبے زمین بوس ہیں ،کوئٹہ شہر کے دیگر صوبوں سے مواصلاتی رابطے منقطع ہے، بجلی نہ ہونے سے کیبل کی نشریات بند ہیں گزشتہ چا ر روز سے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہری عاجز آچکے ہیں، عوامی حلقوں کی جانب سے طویل لوڈ شیڈنگ کی مذمت، حکومت سے کیسکو کی نااہلی کانوٹس لینے کامطالبہ