|

وقتِ اشاعت :   February 21 – 2017

کوئٹہ:کوئٹہ میں امراض دل کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے مریضہ انتقال کر گئیں۔ ورثاء نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ تفصیل کے مطابق پیر کی شام کو خاور بھٹی دل کے مرض میں مبتلا اپنی پچپن سالہ والدہ نصرت بی بی کو طبیعت خراب ہونے پر سول اسپتال لایا۔ خاور بھٹی نے بتایا کہ وہ ای سی جی ٹیسٹ کے بعد والدہ کو امراض قلب کے شعبہ انتہائی نگہداشت لے گیا لیکن وہاں ڈاکٹر موجود ہی نہیں تھا ۔کئی گھنٹے تک والدہ تڑپتی رہی اور بالآخر وفات پا گئی۔ واقعہ کے بعد خاور بھٹی اور ان کے رشتہ داروں نے ایم ایس سول اسپتال کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ خاور بھٹی کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کا ڈاکٹروں کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے والدہ انتقال ہوا۔ ذمہ دار ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ایم ایس اور پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔