|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2017

کوئٹہ:ڈیرہ بگٹی اور حب میں بارودی سرنگ اور بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور تین سیکورٹی اہلکاروں سمیت چار افرادزخمی ہو گئے، واشک میں گزشتہ روز اغواء ہونے والے شخص کی لاش برآمد ،آمدہ اطلاعات کے مطابق ڈیرہ بگٹی کی تحصیل پیرکوہ سے بیس کلومیٹر دور مشرق کی جانب لوپ میرانی کے مقام پر موٹرسائیکل نامعلوم افراد کی جانب سے زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ پر چڑھ گئی جس سے دھماکا ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد عبدالکریم بگٹی ولد مہور خان اور حمیداللہ بگٹی ولد زان جاں بحق جبکہ میرو خان بگٹی ولد بھانڈی خان شدید زخمی ہوئے۔ جاں بحق و زخمی افراد کو سول اسپتال ڈیرہ بگٹی پہنچایا گیا،سیکورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی سے چالیس کلومیٹر دور پیشنی لوٹی بی میں فراری کیمپ کی موجودگی کی اطلاع پر امن فورس کے اہلکاروں نے ڈسٹرکٹ چیئرمین غلام نبی شمبانی کی سربراہی میں چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ایک عدد کلاشنکوف ، پانچ میگزین ،سو عدد راؤنڈ اور ایک عدد واکی ٹاکی برآمد کر لیا۔ اس موقع پر کیمپ میں موجود دو خواتین میر بی بی زوجہ علیہان اورشالی بی بی زوجہ عیدو اور پانچ بچوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا،ضلع واشک کی تحصیل بسیمہ میں لیویز تھانہ ناگ سے پینتیس کلو میٹر دور دپر سے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دورا خان ولد عبدالستار محمد حسنی کو اسلحہ کے زور پر اغواء کرلیا تھا۔ مغویوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔ منگل کو لیویز تھانہ ناگ سے ساٹھ کلو میٹر دور سگھیز کے مقام سے مغوی دورا کی لاش ملی۔ اسے گولیاں مار کر قتل کیاگیا،پیر اور منگل کی درمیانی شب حب کے علاقے ساکران روڈ پر ایف سی قافلے کے قریب سڑک کنارے نصب بم زور دار دھما کے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو طبی امداد کے لئے کراچی منتقل کردیا گیا ،مزیدکا روائی جاری ہے۔