کوئٹہ: بلوچستان کے سرد علاقوں میں نئے تعلیمی سال کا آغاز آج سے ہوگا۔ درسی کتب، یونیفارم اور اسٹیشنری مہنگی ہونے کی وجہ سے والدین پریشان ہیں۔تفصیل کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سرد علاقوں میں موسم سرما کی تین ماہ کی تعطیلات ختم ہوگئیں۔ سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج سے کھلیں گے۔ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر شہر میں جگہ جگہ کتابوں،یونیفارم اور اسکول بیگز کے اسٹال لگ گئے۔ اسٹیشنری کی دکانوں پر بھی رش بڑھ گیا۔بچے نئے تعلیمی سال کیلئے نئی چیزیں خریدنے پر خوش ہیں تو والدین درسی کتابوں، کاپیوں، اور یونیفارم کی قیمتوں میں اضافے پر پریشان ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ پچھلے سال کی نسبت اسٹیشنری ، یونیفارم، کتابوں اور کاپیوں کی قیمتوں میں چالیس فیصد تک اضافہ ہوا ہے جس کے باعث غریب اور متوسط طبقے کیلئے بچوں کو پڑھانا مشکل ہوگیا ہے۔ دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ٹیکسز میں اضافے کی وجہ سے قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ والدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسٹیشنری آئٹمز کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیں۔