کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے پی ایس ایل فائنل میچ کے لاہور میں انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں فائنل میچ لاہور میں کرانا ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس سے پوری دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے جو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد اور پرعزم ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سیاسی وعسکری قیادت نے لاہور میں فائنل میچ کے انعقاد کا جرأت مندانہ فیصلہ کیا جس کو پوری قوم نے تائید کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس امر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جوبلوچستان کے لئے باعث اعزاز ہے۔ بلوچستان کے پرجوش عوام اپنی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ پی ایس ایل فائنل میں ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی جس سے بلوچستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے جوش وجذبے میں مزید اضافہ ہوگا اور صوبے میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کی بنیاد بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے محب وطن عوام امن وترقی اور کھیلوں سے پیار کرتے ہیں۔ دہشت گرد عناصر کسی طور پر ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، ہم ان کا آخری حد تک پیچھا کرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہارجیت کھیل کا حصہ ہے، مجھے امید ہے کہ کوئٹہ ٹیم پی ایس ایل فائنل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے فتح یاب ہوگی۔ ہمیں اپنی ٹیم پر فخر ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے امید ظاہر کی کہ پی ایس ایل کے فائنل میچ کے لاہور میں انعقاد سے پاکستان میں ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھلیں گے اور کرکٹ شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔