|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2017

کو ئٹہ: ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم اور ارسلا خان نے 11ادویہ ساز کمپنیوں اورمیڈیکل سٹورز کے منیجنگ ڈائریکٹرز ،کوالٹی کنٹرول انچارج ،پروڈکشن انچارجز اورمالکان ودیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے جبکہ 6میڈیکل سٹورز کے مالکان پر جرم عائد کردی گئی بلکہ ایک برضمانت ملزم کو 6ماہ قید اور 50ہزارروپے جرمانے کی سزا سنا کر جیل بھیج دیاگیا،محکمہ صحت کی جانب سے کیسز کی پیروی اسپیشل ڈرگ پراسیکیوٹر سید اعجاز الدین آغا نے کی ۔گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم اور ارسلا خان کے روبرو غیر معیاری ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمہ میں نامزد مدینہ میڈیکل سٹور کے فیض اللہ کے کیس کی سماعت ہوئی تو عدالت نے برضمانت ملزم کو 6ماہ قید اور 50ہزار روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے اسے جیل بھیجنے کے احکامات صادر کئے جس پر مذکورہ ملزم کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیاگیا ملزم پر بغیر لائسنس میڈیکل سٹور چلانے اور غیر معیاری ادویات کی خرید وفروخت کاالزام ہے ،عدالت میں میڈی پاک ادویہ ساز کمپنی کے کیس کی بھی سماعت ہوئی اس موقع پر عدالت میں میڈی پاک کے طفیل احمد اورمحمدطارق پیش ہوئے جبکہ ملزم ناصر جاوید پیش نہیں ہوسکے ان کی استثنیٰ سے متعلق درخواست عدالت میں پیش کی گئی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 21مارچ کیلئے نقولات اور چارج کیلئے سماعت کی تاریخ دیدی ،میکونز انٹرنیشنل فارما کراچی کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالرحیم ،کوالٹی کنٹرول کے شاہد کمال اورپروڈکشن انچارج سنیل ،سٹین لے فارما ادویہ ساز کمپنی کے مقدمہ میں نامزد ملزمان کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے اورڈرگ ریگولیٹر ی اتھارٹی اسلام آباد اور ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ کوئٹہ کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاگیا کہ وہ سٹین لے فارما کمپنی کا لائسنس منسوخ کریں۔اس کے علاوہ فرینڈز فارما کیس میں نامزد ملزمان کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے گئے ،سعید ٹریڈرز کیس میں نامزد ملزم وجے کمار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ، لاثانی ٹریڈر کے بابر جمیل کو 50ہزار روپے بطور ضمانت جمع کرنے کے ساتھ ساتھ مقدمہ کے شریک ملزم عبدالعابد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے گئے ،غیر معیاری ادویات کی خرید وفروخت کے الزام میں انصاف میڈیکل سٹور کے ملزم فیض محمد پر فرد جرم عائد کردی گئی جس پر ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا تاہم عدالت نے گواہان استغاثہ کو مذکورہ کیس میں طلب کرلیاہے ،اس کے علاوہ غیر معیاری ادویات کے مختلف مقدمات میں نامزد ملزمان گلاب خان ،صابر میڈیکل سٹور کے مقدمہ میں برضمانت ملزم احمد جان ،داؤ دمیڈیکل سٹور کے اسد اللہ ،عبدالرزاق میڈیکل سٹور کے عبدالمنان ،الشفاء میڈیکل مسجد روڈ کے محمدقسیم پر فرد جرم عائد کردی گئی ،پاک میڈیکل سٹور کے شمیم الغنی کو 50ہزار روپے ضمانت جمع کرنے کا حکم دیدیا گیا جبکہ علی نواز کو ایک اور موقع دیاگیا ،باہو میڈیکل کیس میں نامزد ملزم کو 50ہزارروپے بطورضمانت جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ،رضا میڈیکل سٹور کے حاجی محمدیعقوب ،صادق میڈیکل سٹور کے مقدمہ میں نامزد ملزم ،علی عمران میڈیکل سٹور کے ملزم علی عمران ،عمران میڈیکل سٹور کے مقدمہ نامزد ملزم عمران اس کے علاوہ اقبال میڈیکل سٹور پشتون آباد کے علی احمد کے بھی عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے۔