کوئٹہ : پاکستا ن تحریک انصاف کے صوبائی صدر سرداریار محمد رند نے کہا ہے کہ سابق چیف سیکرٹری بلوچستان کی کرپشن سے متعلق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کا بیان ہمارے اس اصولی موقف کی تائید اور پی ٹی آئی بلوچستان کی جانب سے ان پر لگائی گئی چارج شیٹ کی تصدیق ہے جو ہم نے سیف اللہ چٹھہ کی تعیناتی کے دوران ہی وقتاً فوقتاً میڈیا کے ذریعے قوم پر آشکار کیں،اور کسی بھی قسم کی مصلحت کے قطع نظر چٹھہ کے کچے چٹھے پھوڑ کر بلوچستان کے عوام کوانکی اصلیت سے آگاہ کیابلوچستان کے وسائل پر ہاتھ صاف کرکے اب انہیں نیپرا میں قوم کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کی نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ،بلوچستان میگا کرپشن کیس ،بدامنی کے واقعات اورآخری دنوں میں اربوں روپے کی سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ و فروخت میں ا ن کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ،پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سردار یار محمد رند نے کہا کہ حیرت اور افسوس کا مقام ہے کہ بلوچستان کے حقوق کا دفاع کرنے کی دعویدار صوبائی حکومت سر سے پاؤں تک کرپشن میں دھنسے ایک وفاقی بیوروکریٹ کو نہ صرف کرپشن پر لگام دینے میں بے بس نظر آئی بلکہ ہماری واضح نشاندہی پر بھی خواب خرگوش کے مزے لیتی رہی ،سیف اللہ چٹھہ کی تعیناتی کا پیریڈ بلوچستان کی تاریخ کاسیاہ ترین دورتھا جس میں بلوچستان میں ترقی کاعمل تیز ہونے کے بجائے دانستہ طور پر پر فنڈ لیپس کرکے دوسرے صوبے میں منتقل کرنے کی حکومت عملی اپنائی گئی ٹراما سینٹر کی فعالیت ،دھماکوں سے متعلق تشکیل کردہ کمیشن میں سابق چیف سیکرٹری کا سفید جھوٹ ریکارڈ کا حصہ ہے خالی سرکاری آسامیوں پر دانستہ طور پر بھرتی کے عمل میں رکاوٹیں ڈالی گئیں اور ہزاروں جوان اوورایج ہوگئے،اراکین اسمبلی کے چیخ وپکار پر توجہ دئیے بغیر فنڈز کے اجراء میں تاخیر کرکے دستیاب وسائل کو ناقابل استعمال بنادیا گیا ،پی ٹی آئی بلوچستان کی جانب سے میڈیا میں جاری کردہ حقائق کو عوام کی دسترس سے دور رکھنے کے لیے راتوں رات کروڑوں روپے کے اشتہارات دئیے گئے تاہم چند ایک کے علاوہ میڈیا کی اکثریت نے محتاط انداز میں ہی سہی لیکن ہمارے موقف کو ریکارڈ کا حصہ بنایا ،سردار رند نے کہا کہ پی ٹی آئی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت ہر اس فورم کی حمایت کرے گی جو عملی طور پر کرپشن کی روک تھام اور اس میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے کے لئے سنجیدہ ہے،سرداریارمحمدرند نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے حقوق اور وسائل کا تحفظ ہماری سیاسی ،اخلاقی اور سماجی جدوجہد کا محور ہے اورتمام تر مصلحتوں سے بالاتر ہوکر دھرتی اور عوام کے حقوق پر کوئی سودے بازی قبول نہیں کرینگے ،پسماندوہ صوبے کے غریب عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کر وسائل لوٹنے والوں کاآخری دم تک پیچھا کریں گے چاہے وہ نیپرا جیسے قومی ادارے میں ہی کیوں نہ بیٹھے ہوں سابق یبورو کریٹ اور ان کی زیر سرپرستی غیر قانونی دھندوں میں ملوث نشاندہی کردہ ڈپٹی کمشنر ز اور دیگر سہولت کار وں کو پہلے بھی بے نقاب کیا ور ان کو کیفرکردار تک پہنچانے تک آواز حق بلند کرتے رہیں گے ۔