|

وقتِ اشاعت :   March 8 – 2017

دوحہ: قطر کے وزیر اعظم نے سیکیورٹی کے حوالے سے پاک فوج کے تجربات سے مستفید ہونے اور فٹبال ورلڈ کپ کی تیاریوں میں پاک فوج سے مدد لینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دو روزہ سرکاری دورے پر قطر گئے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطری وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ الثانی، قطری بری فوج کے کمانڈر میجر جنرل محمد علی غنیم الغنیم اور قطری امیری گارڈ کے کمانڈر میجر جنرل حضہ بن خلیل الشہوانی سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کے دوران قطری وزیر اعظم نے قطر کی معاشی ترقی میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا اور علاقائی امن کے لئے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر کے عوام پاکستانی عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ قطری وزیر اعظم نے سیکیورٹی کے حوالے سے پاک فوج کے تجربات سے مستفید ہونے اور ساتھ ہی فٹبال ورلڈ کپ کی تیاریوں میں پاک فوج سے مدد لینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ شیخ عبداللہ بن ناصر کا کہنا تھا کہ ’پاکستان سے سائبر سیکیورٹی، دفاعی پیداوار اور سفری آسانیوں میں تعاون چاہتے ہیں۔‘ جنرل قمر باجوہ نے پاکستان پر اعتماد کے اظہار پر قطری وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل محمد علی غنیم الغنیم سے ملاقات کے دوران قطری بری فوج کے کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کارکردگی کو سراہا اور مشترکہ مشقوں اور تربیت میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے قطری کمانڈر کو تربیت کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر امیری گارڈ کے ہیڈ کوارٹرز اور احمد بن محمد ملٹری کالج کا بھی دورہ کیا۔