کوئٹہ: پنجاب اور سندھ میں پشتونوں کیساتھ امتیازی سلوک کیخلاف عوامی نیشنل پارٹی اور مرکزی انجمن تاجران کی اپیل پر کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں۔ اے این پی کی جانب سے صوبے کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تفصیل کے مطابق کوئٹہ میں عوامی نیشنل پارٹی کی اپیل پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے دوران جناح روڈ، لیاقت بازار، پرنس روڈ، مسجد روڈ، قندھاری بازار،سورج گنج بازار، مشن روڈ، کاسی روڈ، میکانگی روڈ ،سرکی روڈ سمیت شہر کے مرکزی علاقوں میں بیشتر کاروباری و تجارتی مراکز بند رہے۔ جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم رہی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے باچا خان چوک اور دیگر علاقوں کا دورہ کرکے ہڑتال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے بھی انتظامات کئے گئے تھے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کامیاب ہڑتال پر مرکزی انجمن تاجران سمیت سیاسی جماعتوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ اصغراچکزئی کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں پشتونوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔دہشتگردی کے واقعات قابل مذمت ہیں لیکن اس آڑ میں بے گناہ لوگوں کو بے جا تنگ کرنا افسوسناک ہے۔ دہشتگردی کے خلاف پاکستان میں سب سے زیادہ قربانیان پشتون قوم نے دی ہے لیکن بد قسمتی سے اس قوم کو دہشتگردی سے جوڑا جارہا ہے۔ دہشتگردوں کا کوئی قوم اور مذہب نہیں ہوتا۔ پنجاب اور سندھ میں پشتونوں پر عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے۔ انہیں کاروبار سے روکا جارہا ہے۔پنجاب میں داخل ہوتے ہی تھانے میں حاضری دینا پڑتی ہے یہ امتیازی سلوک نہ روکا گیا تو اس کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں پشتونوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو مزید سخت احتجاج کیا جائیگا۔دریں اثناء ہرنائی، چمن، پشین اور سبی میں اے این پی کی جانب سے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے