کوئٹہ: کوئٹہ میں ضلعی کچہری کے باہر مسلح افراد نے فائرنگ اور چاقوؤں کے وار کرکے تین افراد کو زخمی کردیا۔ ملزمان پولیس کی موجودگی میں تشدد کرنے کے بعد موقع سے باآسانی فرار ہوگئے۔واقعہ کی ویڈیو سامنے آنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور آئی جی پولیس نے نوٹس لے لیا اور غفلت کا مظاہرہ کرنے پر متعلقہ ایس ایچ او اور اہلکاروں کو معطل کرکے تحقیقات کا حکم دیدیا۔ تفصیل کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شاہراہ اقبال پر منان چوک کے قریب ڈسٹرکٹ کورٹ کے سامنے دو گروہوں کے درمیان جھگڑا ہوا ۔اس دوران پانچ سے زائد ملزمان نے خنجروں اور پستول کے بٹ کے وار کرکے اور گولیاں مار کر تین افراد محمد داؤد ولد محمد زمان، محمد زمان ولد محمد رحیم اور محمد آصف ولد محمد اسماعیل اقوام بازئی کاکڑ ساکنان کلی کوتوال کوئٹہ کو زخمی کردیااور باآسانی فرار ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں کو پاؤں، پیٹ اور جسم کے مختلف حصوں میں زخم آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان زمین کے معاملے پر تنازع چل رہا ہے۔ واقعہ کے بعد ایک فوٹوگرافر کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں اپنے مدعیوں کو تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں اور پولیس اہلکار تماشائی بنے کھڑے ہیں۔ سڑک پر پڑے زخمی قریب کھڑے پولیس اہلکاروں کو مدد کیلئے پکارتے رہے لیکن پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کی کوئی کوشش نہیں کی اس طرح ملزمان آسانی کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوگئے جس کے بعد ہی پولیس اہلکار آگے آئے۔یاد رہے کہ جائے وقوعہ سے صرف چند قدم کے فاصلے پر ضلعی کچہری کے سامنے پولیس جبکہ منان چوک پر ایف سی کی چوکی بھی موجود ہے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت کا مظاہرہ کرنے والے ایس ایچ او اور موقع پر موجود اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیدیا۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس کو واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کے بعد آئی جی پولیس نے بھی واقعہ کا نوٹس لیا اور غفلت کامظاہرہ کرنے پر ایس ایچ او سول لائن کو معطل کردیا ۔ آئی جی پولیس نے متعلقہ پولیس حکام کو ٹیمیں تشکیل دے کرملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق فریقین کلی کوتوال کے رہائشی اور آپس میں پڑوسی ہیں ۔ان کے درمیان عدالت روڈ پر جائیداد کا تنازع چلاآ رہا ہے ۔ملزمان کی شناخت ہوگئی ہے ۔ملزم محمد انور نے پانچ سے چھ ساتھیوں کے ساتھ ملکر تین افراد کو تشدد کرکے زخمی کیا ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔جبکہ موقع پر موجود اہلکاروں کے خلاف غفلت کا مظاہرہ کرنے پر کارروائی کی جارہی ہے۔