کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری مغوی سیکریٹری ہائر ایجوکیشن عبداللہ جان کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے والد، بھائیوں اور بیٹوں سے ملاقات کر کے یکجہتی کا اظہار کیا اور یقین دلایا عبداللہ جان کی باحفاظت بازیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری اور ہمارے فرائض کا حصہ ہے حکمران حاکم نہیں خادم ہوتا ہے اور میں بھی خود کو عوام کا خادم اور جوابدہ سمجھتا ہوں، حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عبداللہ جان کے خاندان سے کھڑی ہے وہ ایک انتہائی محنتی ، دیانتدار اور فرض شناس آفیسر ہیں اور ان کی فوری اور باحفاظت بازیابی ہماری ذمہ داری ہے، اس موقع پر عبداللہ جان کے والد نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی آمد سے ان کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور وہ اوران کا خاندان بھرپور تعاون کی فراہمی پر حکومت کے شکر گزار ہیں۔ صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال، رحمت صالح بلوچ، مجیب الرحمان محمد حسنی، عبیداللہ جان بابت، اراکین صوبائی اسمبلی طاہر محمود، نصراللہ زیرے، چیف سیکریٹری بلوچستان شعیب میر، آئی جی پولیس احسن محبوب، سیکریٹری داخلہ اکبر حریفال اور ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔