|

وقتِ اشاعت :   March 26 – 2017

کو ئٹہ : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصربلوچستان سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں امن و امان نہیں چاہتے ،وہ بلوستان کے نوجوانوں کو پیسے اور روشن مستقبل کے خواب دکھا کر ورغلا رہے ہیں جس وہ ہر گز کامیاب نہیں ہوں گے ۔ایف سی بلوچستان میں فسادیوں کے خاتمے میں مصروف ہے اور ایف سی کی قربانیوں کی وجہ سے بلوچستان پہلے سے زیادہ محفوظ ہے۔ آخری سسکیاں لینے والے دہشتگردوں کو بھی ختم کردینگے۔دنیا اب بلوچستان کی ترقی دیکھے گی ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو لورالائی کے سکول آف ایف سی اینڈ ٹریننگ سنٹر میں فرنٹیئر کور بلوچستان کی 60ویں پاسنگ آؤٹ پریڈکی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 1079مقامی ریکروٹس سمیت 5434پاس آؤٹ ہوئے۔اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد ، چیف انسٹرکٹر کرنل شعیب، صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، میر رحمت صالح بلوچ، حامد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ کے مشیران عبیداللہ بابت، سردار در محمد ناصر، آئی جی پولیس احسن محبوب، کمشنر ژوب ڈویژن غلام فرید، ڈی آئی جی پولیس عبد اللہ خان، ایس ایس پی زاہد آفاق اور دیگر اعلیٰ فوجی و سول حکام ، سیاسی و قبائلی رہنماء بھی موجود تھے۔ اس سے پہلے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد ، چیف انسٹرکٹر کرنل شعیب کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے پر لالک جان شہید کمپنی کے ریکروٹس کو شیلڈ اور انعامات دیے ۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ یہ صرف خوشی کا موقع نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کا موقع ہے۔آج آپ عملی زندگی میں داخل ہورہے ہو،پاس آؤٹ ہونیوالوں کی خوشیوں میں شریک ہوکر پر مسرت ہوں،آپ نے جو یہ وردی پہنی ہے یہ عام وردی نہیں اس یونیفارم کی آن بان میں شہیدوں کا خون شامل ہے، آپ نے اس وردی کا مان رکھنا ہے۔انہوں نے ایف سی اہل کاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ہیں جو ہمارے دشمنوں سے پیسہ لے کر بلوچستان کے حالات خراب کرتے ہیں، جو بلوچستان اور پاکستان میں امن نہیں چاہتے ،کچھ لوگ نہیں چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے خوش و خرم زندگی گزاریں ، وہ نہیں چاہتے کہ ہم تعلیم حاصل کریں ،غریب خاندانوں کی زندگی میں بہتری آئے اور وہ نہیں چاہتے کہ اس خطے میں امن و امان ہو۔آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ فسادیوں کا قلع قمع کریں، اگر کوئی تلخی کلامی ہوجائے تو اسے ترک کیاجائے ۔اللہ تعالیٰ کی رحمت اور برکت آپکے ساتھ ہے ۔جس دن سے عہدہ سنبھالا ہے چاہے بلوچستان ہو خیبر پختونخواہ ہو ہر میٹنگ میں یہی کہا ہے عوام سے اچھا برتاؤکیا جائے ۔ یہ آپ کے لوگ ہیں ان سے محبت سے پیش آئیں۔ بلوچستان کی عوام پہلے ہی دکھی ہیں ،انہوں بڑے مسائل دیکھے ہیں اور بہت قربانیاں دی ہیں۔سول فورسز پاک فوج کے ساتھ سرحد پر دشمن کا مقابلہ کرتی ہیں،سول فورسز اندرون ملک پولیس کے ساتھ کردار ادا کررہی ہیں،انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔خوشی ہے کہ ایف سی اپنی ذمے داری سے بڑھ کر کردار ادا کررہی ہے ، وزیراعظم سے ایف سی کی مزید مدد کی درخواست کروں گا۔ امن ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ایف سی کاکردار حقوق العباد کی ادائیگی ہے۔وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اسلام کا مذہب اس لیے دنیا میں پھیلایا کہ امن کا پیغام آئے،اللہ تعالیٰ فساد اور جھگڑے کو ناپسند فرماتے ہیں،اسلام کا نام امن ہے،یہ جو فسادی بلوچستان کے نوجوانوں کو استعمال کرکے خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں، ان کا ایجنڈا کیا ہے؟،کچھ لوگ ہمارے ا زلی دشمن سے پیسالیکرعیش کرتے ہیں، اور بلوچستان کے نوجوانوں کو قربانی کا بکر ا بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مذہب کا غلط نام استعمال کرکے یہاں افراتفری کا نظام رائج کرنا چاہتے ہیں،ایف سی کے نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے زور و بازو سے اللہ کا نام لے کر ان فسادیوں کا قلع قمع کریں ،ایف سی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، سیکیورٹی فورسزکی قربانیوں، کوششوں سے بلوچستان میں امن آیا۔بلوچستان پولیس ،لیویز فورس اور ایجنسیوں کے کردار کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ ہمارادشمن کتناموذی ،ازلی، بے ایمان کیوں نہ ہوفورسز نے انکو نیست و نابود کردیا ہے۔وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سی پیک پر تیزی سے کام ہورہا ہے،دشمنوں کی سازشیں بھی سی پیک کے خلاف تیزی سے پنپ رہی ہیں، حکومت نے 2سال میں عام بجٹ کے علاوہ بھی ملکی سیکیورٹی پر 70 ارب روپے خرچ کئے ہیں کیونکہ پاکستان کی سکیورٹی ہمیں بہت عزیز ہے،یہ علاقہ ترقی کا خطہ بنے گا،بلوچستان کی ترقی دنیا دیکھے گی، ترقی بلوچستان اور پاکستان کو آواز دے رہی ہے ،وہ دن دور نہیں جب دہشتگردی مکمل ختم کی جائے گی۔قبل ازیں آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم نے وزیرداخلہ کو بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایف سی سیکیورٹی کے ساتھ سماجی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے،بلوچستان میں ایف سی 64سکول چلارہی ہے،سکولوں میں 19ہزار سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔وزیرداخلہ چوہدری نثار کو بریفنگ دی گئی کہ ایف سی نے 65 ہزار سے زائد مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی ہیں،ایف سی تعلیم،صحت اور سماجی خدمات جیسے شعبوں میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے،مختلف منصوبوں پر 65کروڑ 50لاکھ روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔