|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2017

بنی گالہ: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے لوگوں کی زندگیاں بچانے کے بجائے مجرم وزیراعظم اور ان کے خاندان کی لوٹ مار بچانے کی فکر میں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیر مین عمران خان نے شیخوپورہ ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے وزیر کا اپنی وزارت کے معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں، انہیں چرب زبانی اور شریفوں کی غلامی زیادہ بھاتی ہے، کبھی ’’ببر شیروں‘‘ سے قوم کو دھمکاتا ہے اور کبھی ججوں کی تضحیک کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے کو لوگوں کی زندگیوں سے زیادہ مجرم وزیر اعظم کی لوٹ مار بچانے کی فکر ہے، حادثے کی ذمہ داری چھوٹے ملازم پر ڈال کر مجرموں کو بچانے کی کوشش قبول نہیں کریں گے، ریلوے کے وزیر کواحساس ذمہ داری ہوتا تو ناکامی تسلیم کرتے ہوئے گھر جانے کو ترجیح دیتے مگرجب وزیر اعظم خود ہٹ دھرمی سے کام لے تو وزیروں کو اخلاقیات کون سکھائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور سے کراچی جانے والی مسافر ٹرین شیخوپورہ کے قریب آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس سے ٹرین کی بوگیوں میں آگ لگ گئی اور اس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق جب کہ متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔