|

وقتِ اشاعت :   March 29 – 2017

کراچی : لیاری میں سیاسی بریک تھرو ، نیشنل پارٹی کے آفس کا افتتاح 2اپریل کو نیشنل پارٹی کے مرکزی صدرو وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو کریں گے۔ لیاری میں کئی سالوں کے بعد سیاسی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں اور نیشنل پارٹی نے اس علاقے میں سیاسی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے ۔ اس سلسلے کی پہلی کڑی لیاری میں باقاعدہ آفس کا افتتاح ، ممبر شپ اور تنظیم سازی شامل ہے ۔ اس پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے نیشنل پارٹی کا ورکرز اجلاس بروز جمعہ شام 4بجے امبر میڈیکل سینٹر، تیسری منزل نزد بمبینو سنیما میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ نیشنل پارٹی (سندھ) کے صوبائی صدر رمضان میمن نے نیشنل پارٹی کے تمام اراکین کو امبر میڈیکل سینٹر میں اجلاس اور چاکیواڑہ میں آفس کے افتتاح کی تقاریب میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ لیاری ہمیشہ سے ترقی پسند اور جمہوری قوتوں کا گڑھ رہا ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے یہ علاقہ کافی عرصے تک میدان جنگ بنا رہا جس میں سینکڑوں بے گناہ افراد شہید کئے گئے، ہزاروں لوگوں نے نقل مکانی کی ۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب تمام سیاسی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں لیاری میں متاثرین کی بحالی اور دیگر امور زیر غور آئیں گے ۔