|

وقتِ اشاعت :   March 29 – 2017

ارجنٹینا کی ٹیم کپتان لیونل میسی پر پابندی کے چند گھنٹے بعد ہی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں بولیویا کے ہاتھوں 2-0 کی شکست سے دوچار ہو گئی۔ میچ آفیشل سے بدتمیزی پر گزشتہ روز ارجنٹینا کے لیونل میسی پر چار انٹرنیشنل میچوں کی پابندی عائد کردی گئی ہے جس کے سبب وہ ورلڈ کوالیفائنگ مقابلوں میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔ میسی سے محروم ارجنٹینا کی ٹیم بولیویا کے خلاف بے دانت کی شیر نظر آئی اور 12 ہزار فٹ کی بلندی پر کھیلے گئے میچ میں ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کو انا قدرتی کھیل پیش کرنے میں کافی دقت پیش آئی۔ میچ کی ابتدا سے ہی بولیویا نے ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حریف پر دباؤ برقرار رکھا اور 31ویں منٹ میں جوآن کارلوس نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جبکہ دوسرے ہاف کے آغاز میں مارسیلو مارٹنز نے برتری کو دگنا کر کے ارجنٹینا کے شائقین پر سکتا طاری کردیا۔ اس شکست کے بعد ارجنٹینا اب براہ راست ورلڈ کپ تک رسائی نہیں کر سکے گا۔ ارجنٹینا کی ٹیم کو برازیل، یوراگوئے اور وینے زوئلا کے خلاف میچ میں بھی میسی کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جس سے ارجنٹینا کی ٹیم کی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے کی امیدوں کو بڑا دھچکا لگا ہے لیکن ارجنٹینا فیفا کے اس فیصلے کے خلاف اپیل کا ارادہ رکھتا ہے۔ ادھر برازیل نے لگاتار آٹھویں فتح حاصل کر کے ورلڈ کپ 2018 کیلئے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ پانچ مرتبہ کی چیمپیئن نے نیمار، فلپ کوٹنہو اور ارسیلو کے گول کی مدد سے پیراگوئے کو 3-0 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ادھر یوراگوئے کو پیرو کے ہاتھوں 2-1 سے اپ سیٹ شکست نے بھی برازیل کی راہیں ہموار کیں جس کے اب بھی چار میچ باقی ہیں اور اسے بقیہ ٹیموں پر نو پوائنٹس پر برتری حاصل ہے۔ دوسری جانب سنتیاگو میں کھیلے گئے میچ میں چلی کی ٹیم وینے زوئلا کو 3-1 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔