طورخم،چمن: پاک افغان طورخم بارڈر کو ایک بار پھر بند کر دیا گیا ہے ،میڈ یا رپورٹس کے مطابق پاک فوج نے پاک افغان بارڈر بند کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ بارڈر مینجمنٹ کے نظام کو منظم کیا جا سکے، اس اعلان کے بعد پاک افغان بارڈر پر گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگی ہیں اور کسی کو سرحد کے آر پار جانے نہیں دیا جارہا ہے ۔دوسری جانب چمن بارڈر بھی آمد و رفت کے لئے بند کردیا گیا ہے جس کے باعث وہاں گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں ۔تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔تاجروں نے وزیراعظم نوازشریف سے سرحد کھولنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کے مال خراب ہو نے سے بچ سکے اور مزید نقصان سے بچا جاسکے۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل وزیر اعظم نوازشریف نے پاک افغان سرحد کھولنے کے احکا مات جاری کیے تھے ۔ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف افغان حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے ،پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے افغانستان میں دیر پا استحکام ضروری ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرحدوں کو زیادہ دیر تک بند رکھنا عوامی اور معاشی مفاد ات کے منافی ہے ، خیر سگالی جذبے کے تحت سرحدوں کو فوری کھولنے کا فیصلہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے جن وجوہات پر پاک افغان سرحد بند کی گئی ،افغان حکومت ان وجوہات کا تدارک کرے گی۔