|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2017

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ افغانستان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرچکے ہیں اور دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پاک افغان بارڈر پر اپنی سرحد کے اندر باڑ لگارہے ہیں۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اورانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اوربھارتی فوج اپنے مظالم سے توجہ ہٹانے کے لئے آئے روزلائن آف کنٹرول کی خلاف کررہی ہے لیکن ہماری فوج انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتی ہے ہم ہر واقعے کی رپورٹ اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو بھیجتے ہیں عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور ایل او سی کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پاکستانی میڈیا نے بھی اہم کردار ادا کرتے ہوئے دنیا کے سامنے بھارتی مظالم کو آشکار کیا جس کو سراہتے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر کی سول سوسائٹی کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس خبرکوبھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ بھارت کے جنگی عزائم خطے کی سلامتی کے لیے خطرناک ہیں بھارت کی ایٹمی ہتھیاروں کےاستعمال میں پہل نہ کرنیکی ڈاکٹرائن جھوٹ پرمبنی ہے پاکستان نے ہمیشہ ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہ کرنے کی بات کیوں کہ ایٹمی ہتھیاروں کےاستعمال میں پہل کرنے کے خوفناک نتائج ہوسکتےہیں،پاکستان کی تجویزکردہ اسٹریٹیجک ریسٹرین ریجیم ایٹمی تصادم سےبچنے کی بہترین حکمت عملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی باہمی اعتماد اور مفاد پر مبنی ہے ہم ہمسایہ ممالک سمیت پوری دنیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں اور بالخصوص افغانستان میں ہر قسم کی پراکسی وارکی پرزور مذمت اور مخالفت کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پاک افغان بارڈر پر اپنی سرحد کے اندر باڑ لگارہے ہیں باڑ لگانے کی وجہ واضح ہے ہم افغانستان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرچکے ہیں، تجارتی اور دیگر قانونی مقاصد کے لئے ویزہ رکھنے والے افغان شہریوں کو پاکستان آنے کی اجازت ہے اور گزشتہ ہفتے بھی افغانستان سمیت دیگر ممالک کے سیاسی و تجارتی وفود نے پاکستان کو دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں موجود پاکستانیوں کو ویزہ کی توسیع کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے ہم ان مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں اور افغان حکام سے رابطے میں ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلامی فوجی اتحاد کسی ایک ملک کےلئے یا ایک ملک کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارہ چنار اور لاہور میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت اور دونوں سانحات میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں فرض کی ادائیگی کے دوران جان کی قربانی دینے والے شہادت کے اعلیٰ درجات پر فائز ہیں۔