|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2017

پشین: سیکریٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ نے ہفتہ کے روز ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال پشین کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے خطاب کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ڈاکٹرز ودیگر متعلقہ عملہ اپنی حاضری کو ہرممکن طور پر یقینی بنائیں، غیرحاضر رہنے والے ڈاکٹروں وعملے کے خلاف بلاامتیاز سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے بتایا کہ انسانی خدمت کو اپنا شعار بنانے والے ڈاکٹرز وعملے کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔صوبہ بھر کے ہسپتالوں کو مزید سہولیات کی فراہمی اور داکٹروں کو ڈیوٹی کا پابند بنانے کیلئے آخری حد تک جائینگے میڈیکل اسٹوروں پرغیر ملکی ادویات کی خرید و فروخت کسی صورت قبول نہیں ہسپتالوں میں ادویات اسٹوروں کی مزیدفعالیت ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔ پشین اور آس پاس کے علاقوں کے مریضوں کو علاج و معالجہ کیلئے اب دوسرے شہروں میں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ پشین سول ہسپتال کومزید سہولیات فراہم کرنے اور ہسپتال کو مزید بہتر بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں سرکاری ڈاکٹروں کوہدایت کی جارہی ہے کہ وہ پرائیویٹ کلینکوں سے زیادہ اپنی سرکاری ڈیوٹی پر توجہ دیں ورنہ انکے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری بی اینڈ آر مظفر زیشان لہڑی ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ روشان بھی انکے ہمراہ تھے انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو معیاری بنانے اور عطائی ڈاکٹروں کیخلاف سخت ایکشن لینے کا تہیہ کررکھا ہے صوبہ بلوچستان کے عوام کی جانوں سے کھیلنے والے عطائی ڈاکٹرز کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں کی جائیگی صحت کا شعبہ اہم اور پیغمبرانہ ہے جس میں عطائی ڈاکٹروں کی کوئی گنجائش نہیں انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں اخلاق اخوت و بھائی چارے کا درس دیتا ہے حدیث نبوی ہے کہ ایک انسان کی جان بچانا گویاپوری انسانیت کو بچانا ہے ہمیں اللہ تبارک و تعالیٰ نے اشرف المخلوقات پیدا کیا ہے ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم طبی لحاظ سے انسانوں کی حقیقی معنوں میں خدمت کریں تاکہ دین و دنیا دونوں میں سرخرو ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کے حوصلے پست نہیں بلکہ بلند ہونے چائیے محنت و لگن سے ہر کام ممکن ہوسکتا ہے ڈاکٹروں کے مسائل کا اندازہ ہے جنھیں حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جار ہے ہیں صوبہ بھر میں سرکاری ہسپتالوں کو مثالی بنانے کے لئے دن رات کوششیں کررہے ہیں۔