نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کا نام لیے بغیر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب امن چاہتے ہیں لیکن ایک قوم دہشتگردی پھیلانا چاہتی ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے ہمراہ ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے پاکستان کا نام لیے بغیر کہاکہ ایک ملک دہشتگردی پھیلا اور اسکی حوصلہ افزائی کررہا ہے ۔جنوبی ایشیا میں ایک ہی نظریہ ہے جو دہشتگردی کو پھیلاتا اور اسکی حوصلہ افزائی کرتا ہے ۔ایسانظریہ جس کی ترجیح انسانیت نہیں بلکہ دہشتگردی اور انتہا پسندی ہے ۔ مودی نے کہاکہ بھارت نے ہمیشہ چاہا ہے کہ اسکے پڑوسی خود کے ساتھ ترقی کریں لیکن خطے میں بعض عناصر ترقی کی بجائے تبائی کو فروغ دے رہے ہیں۔بھارتی وزیراعظم نے کہاکہ ہم دیگر ممالک کو بھارت کے ساتھ ترقی کی راہ پر آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں۔اکیلے بھارت کی ترقی نامکمل ہے اور ہم یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ ہم خطے میں تنہا آگے بڑھ کر کامیاب ہوسکتے ہیں۔ ہم اپنے پڑوسیوں کے ساتھ امن ،خوشحالی اور ترقی چاہتے ہیں ’’ سب کا ساتھ سب کا ویکاس‘‘ صرف بھارت کیلئے محدود نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے پڑوسیوں کی ترقی کیلئے بھی ہے ۔