کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی کا اجلاس منگل کو پینل آف چیئرمین کی رکن یاسمین لہڑی کی زیر صدارت شروع ہوا تاہم حکومتی وزراء اور اراکین کی جانب سے زیارت میں منصوبے کی افتتاح کے باعث ایوان میں عدم موجودگی کی وجہ سے اسمبلی اجلاس کو ایک گھنٹے کے لئے موخر کردیا گیا ایک گھنٹے کے وقفے کے بعد اجلاس شروع ہوا تو سپیکر راحیلہ حمیدخان درانی نے 44ویں یوم دستور کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 10اپریل کا دن ہماری قومی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے اسی دن یعنی10اپریل1973ء کو قومی اسمبلی اور سینٹ نے آئین کی منظوری دی اور12اپریل1973ء کو صدر مملکت نے اس کی توثیق کردی گزشتہ روز ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی یوم دستور منایا گیا جس کی مناسبت سے بلوچستان اسمبلی کی عمارت کو برقی قمقموں سے سجایا گیا اور پاکستانی عوام کو مبارکباد دی گئی انہوں نے کہا کہ44ویں یوم دستورپر میں بلوچستان اسمبلی کے پورے ایوان کی جانب سے آئین پاکستان کے بانیوں ،گمنام ہیروز اور سیاسی رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں 1973ء کا آئین پاکستان میں افہام و تفہیم کے حوالے سے اہم دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے جو بلا امتیازپاکستان کے تمام شہریوں کے حقوق کو یقینی بناتا ہے آئین کی بالادستی ہمارا مقصد ہونا چاہئے آئین پاکستان پر اس کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنا ئیں اس سے ملک میں اجتماعی ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔ اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کی خاتون رکن یاسمین لہڑی نے کہا کہ وہ گزشتہ روز نصیرآباد اور بولان کے دورے پر گئی تھی وہاں کی تحصیل بھاگ جو کہ انتظامی طور پر ضلع کچھی کا حصہ ہے اور ملک بھر میں جاری مردم شماری کے تحت تحصیل بھاگ کو مردم شماری کے پہلے فیز میں شامل کیا گیا ہے کی آبادی سابقہ مردم شماری کے مقابلے میں بجائے بڑھنے کے کم ہوئی ہے کیونکہ اس وقت مذکورہ تحصیل سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد سندھ اور پنجاب نقل مکانی کرگئی ہے اس لئے تحصیل بھاگ کو دوسرے فیز میں شامل کیا جائے تاکہ وہ خاندان جو مردم شماری میں اندراج سے رہ گئے ہیں ان کا اندراج یقینی بنایا جاسکے نیشنل پارٹی کی ڈاکٹر شمع اسحاق نے پوائنٹ آف آرڈر پر کہا کہ میڈیکل کالج تربت خضدار اور لورالائی میں تاحال کلاسوں کا اجراء اور داخلے شروع نہیں ہوئے تینوں اضلاع کے بچے جو ان کالجز میں داخلوں کے خواہش مند ہیں وہ مختلف دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک گئے ہیں انہوں نے بھوک ہڑتال شروع کردی ہے وہ وجوہات بتائی جائیں جن کی وجہ سے تاحال مذکورہ کالجز میں داخلے شروع نہیں ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے بننے والے تینوں کالجز میں فوری طور پر داخلے شروع کرنے کا اعلان کیا جائے وزیراعلیٰ بلوچستان نے انہیں یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ وزیر سے بات کی جائے گی ۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری نے مانگی ڈیم کے افتتاح پر بلوچستان اسمبلی کے تمام اراکین کو شاباش اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ہم مسئلہ تھا جو کافی عرصے سے کھٹائی میں پڑا ہوا تھا آج ہم نے افتتاح کردیا ہے ہم بلوچستان کے عوام کی مزید خدمت بھی کریں گے انہوں نے کہا کہ اسی ایوان میں کھڑے ہو کر میں نے14دسمبر 2016ء کو کہا تھا کہ ہم جائیں گے تو عزت کے ساتھ جائیں گے اور لوگ ہمیں یاد کردیں گے انہوں نے کہا کہ ہم ایماندارانہ طریقے سے بلوچستان کے لوگوں کی خدمت کررہے ہیں آئندہ بھی انشاء اللہ ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جا کر عوام سے ووٹ مانگیں گے اور اپنی حکومت بنائیں گے ۔ انہوں نے اسمبلی اجلاسوں میں اراکین کی عدم شرکت پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام اراکین کو یہ احساس ہونا چاہئے کہ یہ ایوان ہمارے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اراکین کو اسمبلی اجلاسوں میں موجود ہونا چاہئے اب بہت ہوگیا اس ایوان کا اپنا تقدس ہے جو ہر صورت میں برقرار رکھنے کی ضرورت ہے اس اسمبلی کے ساتھ کوئی مذاق نہ کرے ایسے بھی اراکین ہیں جو کئی کئی سیشنز میں حصہ نہیں لیتے میں انہیں کہتا ہو کہ وہ اسمبلی کو مذاق نہ بنائیں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے قانونی سازی کی اگر ضرورت ہے تو کی جائے کیونکہ اکثر اراکین کوئٹہ میں موجود ہوتے ہوئے بھی اجلاسوں میں نہیںآ تے بلکہ رخصت کی درخواستیں بھجوادیتے ہیں اسمبلی کے اجلاسوں میں90فیصد ممبران کو موجود ہونا چاہئے اگر کسی کی کوئی بہت بڑی مجبوری ہو تو ٹھیک ہے ورنہ بلاضرورت اجلاسوں میں شرکت نہ کرنا اچھی بات نہیں یہ نہ تو جمہوریت کے ساتھ انصاف ہے اور نہ ہی اس اسمبلی کے ساتھ انصاف ہے ۔جے یوآئی کے سردار عبدالرحمان کھیتران نے وزیراعلیٰ کی باتوں سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے اگر قانون سازی کی ضرورت ہے تو وہ کرلی جائے اپوزیشن اراکین اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کریں گے جس پر سپیکر راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ قائد ایوان کے تحفظات کے پیش نظر وہ تمام اراکین کو تاکید کرتی ہیں کہ وہ اسمبلی اجلاسوں میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں ہم اس اسمبلی میں اسی لئے آتے ہیں کہ اپنے حلقے کے عوام کے مسائل پر بات کریں جہاں تک قانون سازی کی بات ہے تو اس سلسلے میں تمام پارلیمانی لیڈرز بیٹھ کر مشاورت کریں اور قانون سازی کریں ۔ اجلاس میں پشتونخوا میپ کے آغا سید لیاقت نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی اور باقی تینوں صوبائی اسمبلیوں میں ہر سال ایک رپورٹ جاری کی جاتی ہے جس میں تمام اراکین کی حاضری کی تفصیلات موجود ہوتی ہیں واحد اسمبلی بلوچستان کی ہے جو اس طرح کی رپورٹ جاری نہیں کرتی انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی بھی سالانہ یا ماہانہ رپورٹ کا اجراء کرے تاکہ عوام کو معلوم ہوسکے کہ کون کون سے اراکین اسمبلی کے اجلاسوں میں شریک ہوتے ہیں کون نہیں جس پر سپیکر راحیلہ حمیدخان درانی نے ایوان کو بتایا کہ بلوچستان اسمبلی بھی اس حوالے سے تفصیلات دیتی آئی ہے پلڈاٹ اور فافن کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی صوبائی اسمبلی کے اجلاسوں میں 90فیصد حاضری تھی جو تمام وزرائے اعلیٰ کے مقابلے میں زیادہ ہے مسلم لیگ (ن) کی ثمینہ خان نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مانگی ڈیم کا افتتاح ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس پر وہ حکومت بلوچستان کو مبارکباد دیتی ہے کیونکہ یہ مسئلہ کافی عرصے سے سردخانے میں پڑا تھا ۔