کراچی(آن لائن)کراچی پولیس نے ایڈوکیٹ نعمت علی رندھاوا کے قتل میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن کاظم عباس رضوی کو گرفتار کر لیا ہے،نعمت علی رندوھا کاقتل فرقہ وارانہ نہیں سیاسی بنیاد پر کیا گیا،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاروائیاں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہیں کسی ایک سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہے،لانڈھی میں متحدہ قومی موومنٹ کے سیکٹر آفس پر کاروائی کے دوران بھارتی ساخت کا سلحہ برآمد ہوا ،جس سے ملک دشمن عناصر سے رابطے کے ثبوت ملتے ہیں ،متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں نے رینجرز کے لانڈھی سیکٹر آفس سے جانے کے بعد لوٹ مار کی اور وال چاکنگ کی ،رینجرز کا کام جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی کرنا ہے لوٹ مار نہیں کرتے۔منگل کو سینٹرل پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے سندھ رینجرز کے ترجمان کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نعمت علی رندھاوا کے قاتل کوپیر کی شب اس وقت گرفتار کیاگیا جب پولیس اور رینجرز نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ایک شخص کو مشتبہ حالت میں روکا تلاشی کے دوران ملزم سے ایک پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں ۔پولیس چیف کے مطابق ملزم پر مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش کی گئی جس میں اس نے بتایا کہ نعمت علی رندوھا سمیت 8افراد کے قتل میں ملوث ہے ۔ملزم نے انکشاف کیا کہ نعمت علی رندوھا کے قتل میں مزید4ساتھی بھی ملوث ہیں ۔پولیس چیف شاہد حیات کے مطابق ملزم کا نام کاظم عباس رضوی ہے اوراْس کاتعلق متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 178 سے ہے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق نعمت علی رندھاوا ولی بابر کیس میں شامل تھے، نعمت علی رندھاوا کو ولی بابر قتل کیس کی پیروی پر قتل کیا گیا،نعمت علی رندھاوا کا قتل فرقہ ورانہ نہیں بلکہ سیاسی ہے۔سی سی پی او کراچی شاہدحیات نے واضع کیا کہ ہماری کارروائی کسی ایک جماعت کیخلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف ہے۔ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے جس میں ہمیں بہت سی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ کراچی کے عوام جرائم پیشہ عناصر کے ستائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 23 سال کا گند صاف کرنے میں وقت لگے گا۔ کراچی پولیس چیف نے کہا کہ کل ہو سکتا ہے کہ مجھے مار دیا جائے، مگر یہ میرا کام ہے میں اسی چیز کی تنخواہ لیتا ہوں۔پریس کانفرنس سے خطاب میں ترجمان سندھ رینجرز نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے رینجرز آپریشن کے خلاف پریس کانفرنس رینجرز کو بدنام کرنے کی سازش ہے ۔رینجرز ترجمان نے مزید کہا کہ لانڈھی سیکٹر آفس سے بھارتی ساخت کا اسلحہ برآمد ہوا ہے ۔رینجرز ترجمان کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ بتا سکتی ہے کہ ان کے دفتر میں بھارتی ساخت کا سلحہ کیوں موجود تھا ،بھارتی اسلحہ کی دفتر میں موجودگی ملک دشمن عناصر سے رابطے کا ثبوت ہیں ۔رینجرز کے مطابق لانڈھی سیکٹر آفس سے سامان غائب کرنا اوروال چاکنگ کرنا متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں کی کارستانی ہے ،متحدہ قومی موومنٹ کے حربے رینجرز کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی سے نہیں روک سکتے ہیں ۔رینجرز ترجمان کے مطابق رینجرز نے حالیہ دنوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایک ہزار سے زائد کاروائیاں کی ہیں اور منگل کو بھی سیکٹر آفس پر کاروائی کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی کی گئی ہے۔