اسلام آباد : صدر مملکت ممنون حسین نے قانون کے بلوچی طلباء کو مالی سمیت اعلی تعلیم کے لئے بیرون ملک بھیجنے کے وظائف کا اعلان کردیا جبکہ وضاحت کی کہ بلوچستان اقتصادی راہداری کا بنیادی حق ہے ،نمل نوجوانوں کو چینی زبان سکھانے کیلئے گوادر میں کیمپس قائم کرے گی اور روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے ۔صدر مملکت نے بدھ کے روز اسلام آباد میں بلوچستان کے وکلاء سے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کے نوجوان تعلیمی شعبے میں بہتر کارکردگی کامظاہرہ کررہے ہیں جو انتہائی خوش آئند ہے کیوں کہ سی پیک منصوبے کے باعث اس صوبے کی اہمیت دوچند ہوگئی ہے اور اب یہ بلوچ عوام کی بالعموم اور نوجوانوں کی بالخصوص ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بلوچستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے اپنا کردار مثبت انداز میں ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سابقہ ادوار میں محرومیوں کا شکار رہا جس کا ازالہ اب ہم کررہے ہیں اور ترقی کے ایجنڈے میں نوجوانوں کی تعلیم ،بہتر تربیت ہماری اولین ترجیح ہے ،ہائر ایجوکیشن کمیشن ایچ ای سی کے زیراہتمام ہر سال بلوچستان سے تعلق رکھنے والے قانون کے طلباء میں 20 مستحق طلباء کو وظائف دئیے جائیں گے جبکہ اعلٰی کارکردگی پر طلباء کو بیرون ملک پی ایچ ڈی کیلئے بھی وظائف دیئے جائیں گے جن کا واضح مقصد طلباء کی بہتر تعلیم اور تربیت ہے تاکہ وہ ملک کا نام روشن کرنے کیلئے ان کی استعداد کار بڑھائیں اور وہ سینئر وکلاء کی شہادت سے پیدا ہونے والے خلاء کو اپنے جوش وجذبہ سے پُر کریں ۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ بہتر اقدامات کے تحت ملک میں بدعنوانی کے راستے بندکردئیے گئے ہیں اور اب کوئی بھی قوت ترقی کا راستہ نہیں روک سکتی تاہم بلوچستان کو ترقی دے کر ملک کے باقی حصوں کے برابر لانا سب کی ذمہ داری ہے تاکہ ترقی کے ثمرات سے سب برابر استفادہ کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سی پیک کا بنیادی حصہ ہے اور گوادر سمیت دیگر منصوبوں میں بلوچستان کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ملازمتیں دی جائیں گی ، بلوچستان کے نوجوانوں کو سی پیک سے استفادہ کرنے کے لئے چینی زبان سکھانا چاہئیاور اس غرض کیلئے نمل یونیورسٹی بہت جلد گوادر میں اپنے کیمپس کا قیام عمل میں لائے گی جس کیلئے ایوان صدر کی جانب سے خطیر رقم فراہم کردی گئی ہے ، ان منصوبوں کے علاوہ گوادر مین پانی کیضروریات پوری کرنے کیلئے بھی متعدد منصوبوں پر برق رفتاری کے ساتھ کام ہورہا ہے کہ بلوچستان کا مستقبل تابناک ہے اور یہ صوبہ انشاء اللہ بہت ترقی کرے گا۔