کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے تربت ، نوشکی میں فائرنگ سے سیکورٹی اہلکار جاں بحق دو افراد زخمی ہو گئے، گوادر میں ریمورٹ کنٹرول دھماکہ میں تین افراد زخمی ہو ئے، قریب موجود گاڑیوں اور دکان کو نقصان پہنچا، کوہلو میں سیکورٹی فورسز نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پہاڑوں میں چھپایاگیا اسلحہ دو دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تربت سے90 کلو میٹر دور ہوشاب کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے سیکورٹی فورسز کے علاقوں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں سیکورٹی اہلکار رحمت عزیز سکنہ خیبر پختونخوا جاں بحق ہو گیا سیکورٹی اہلکاروں کی جوابی کا رروائی پر حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے لاش ہسپتال منتقل کر دی گئی جس کو ضروری کا رروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا،نوشکی میں کلی صاحبزادہ کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کرکے سلیمان اور عامر نامی افراد کو شدید زخمی کردیا،شدید زخمیوں کو سول ہسپتال نوشکی میں طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا،واقعہ کی مزید تفتیش نوشکی پولیس کررہی ہے،بدھ کی شام ایئرپورٹ روڈ پر گوادر شہر کے مصروف ترین بازار جاوید کمپلیکس میں رئیل اسٹیٹ کے دکانوں کے سامنے روڈ پر کھڑی موٹر سائیکل میں نصب دیسی ساختہ بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ۔ جس کے نتیجے میں دکان میں موجود تین افرادذاکر ولد حسین سکنہ عثمانیہ وارڈ گوادر، جمیل احمد ولد عبدالحبیب خان سکنہ حیدر آباد سندھ اور سمیع اللہ ولد احسان اللہ سکنہ لاہور پنجاب زخمی ہوئے۔جنھیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچایا گیا۔ خوش قسمتی سے بم دھماکے میں زخمی ہونے والے تینوں افراد کو معمولی نوعیت کی زخم آئے تھے جنھیں طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ جبکہ بم دھماکے کے نتیجے میں سات دکانوں اور قریب کھڑی دو گاڑیوں و دو موٹرسائیکلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ بم دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ اس کی آواز 6 سے سات کلومیٹر دور تک سنی گئی۔دھماکے کے فوری بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ۔ بی ڈی ایس افسران کے مطابق بم دیسی ساختہ تھا جس کا وزن چار سے پانچ کلوگرام تھا۔ جبکہ سیکورٹی حکام نے بم کا وزن ایک کلو گرام بتایا ہے ،فرنٹیئر کور کے عملے نے کوہلوسے120 کلو میٹر دور پہاڑوں میں چھپایا گیا اسلحہ، ایمونیشن جس میں راکٹ لانچر15 عدد، ٹائم ڈیوائس10 عدد،303 بور رائفل8 عدد، کلاشنکوف6 عدد، چائنا رائفل کے راؤنڈ1 ہزار عدد برآمد کر کے قبضے میں لے لیا ذرائع کے مطابق مذکورہ اسلحہ کالعدم تنظیم کے فراریوں کی جانب سے پہاڑوں میں زیر زمین چھپایا گیا تھا جس کو قبضے میں لے لیا تا ہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی مزید کا رروائی فرنٹیئر کور کا عملہ کر رہا ہے۔