کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان حکومت نے آواران اور کیچ کی آٹھ یونین کونسلز کو آفت زدہ قرا ر دیدیا ، آواران کے تباہ شدہ کئی علاقوں کو آفت زدہ قرار نہ دیئے جانے پر اہل علاقہ نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کے اعلامیہ کے مطابق بلوچستان قومی آفات (تحفظ اور امداد) کے ایکٹ 1958ء کے تحت حالیہ زلزلہ سے ہونے والی تباہی کے باعث حلقہ آواران کی تحصیلوں آواران اور ماشکیل کی یونین کونسلوں آواران، تیرتیج، گشگور، گجر، نوکیجو، پروار اور ضلع کیچ کی سب تحصیل ہوشاپ کی یونین کونسلوں ڈنڈار اور ہوشاپ کو فوری طور پر آفت زدہ قراردیا گیاہے۔ واضح رہے کہ زلزلے سے پورا آواران ملیا میٹ ہوگیا ہے اور اس کی تقریباً تین لاکھ آبادی شدید متاثر ہوئی ہے مگر صوبائی حکومت نے پورے ضلع کو آفت زدہ قرار دینے کی بجائے صرف چھ یونین کونسلز کو آفت زدہ قرار دیا ہے جبکہ زلزلے سے ضلع کا تقریباً 95فیصد علاقہ شدید متاثر ہوا ہے ۔