|

وقتِ اشاعت :   April 16 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع لورالائی اور کوہلو میں ایف سی نے دہشتگردی کے دو بڑے منصوبے ناکام بنادیئے۔ بائیس دیسی ساختہ بم اور بھاری مقدار میں دھماکاخیزمواد برآمد کرلئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق لورالائی میں ایف سی نے آپریشن رد الفساد کے تحت خفیہ اطلاع پر ایک کارروائی کی جس کے دوران بڑی تعداد میں دیسی ساختہ بم برآمد کئے گئے جو زیر زمین چھپائے گئے تھے۔ سیکورٹی حکام سے حاصل کی گئی مزید تفصیلات کے مطابق کارروائی لورالائی کے علاقے کوہار ڈیم کے قریب کی گئی جہاں نامعلوم افراد نے تین مختلف مقامات پر بائیس عدد دیسی ساختہ بم جھاڑیوں میں چھپارکھے تھے۔ ان میں سے تین بم دس دس کلو جبکہ انیس بم پانچ پانچ کلو وزنی کے تھے۔ بم موبل آئل کے کنتسر اور لوہے کے پائپ میں نصب کئے گئے تھے۔ ایف سی اہلکاروں نے پہاڑی اورویران علاقے میں لے جاکر تمام بم دھماکے کے ذریعے ناکارہ بنادیئے۔ ایک اورکارروائی کے دوران ضلع کوہلو کی تحصیل کاہان میں سوراف کے مقام پر ایف سی نے کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے ایک سو ستر کلو بارودی برآمد کرلیا۔ سیکورٹی حکام کے مطابق دہشت گرد دیسی ساختہ بم اور دھماکا خیز مواد کے ذریعے اندرون بلوچستان تخریبی کاری کرنا چاہتے تھے تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنادیئے۔