لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پشاور میں میٹرو بس منصوبے کے لئے مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نيازی صاحب كو پنجاب ميں بسنے والے شہريوں كی ترقی و خوشحالی عزيز نہيں۔
رائیونڈ ریلوے ٹریک فلائی اوور کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیازی صاحب میٹرو بس منصوبے کو جنگلا بس کہتے تھے لیکن آج وہ پشاور میں ایسا منصوبہ بنانے کے لئے مجبور ہوگئے ہیں، اگر یہ منصوبہ چار سال قبل بنایا ہوتا تو آج خیبر پختونخوا كے بہن، بھائی، مائیں، بیٹیاں، مزدور، طالب علم اور دیگر افراد عزت اور وقار كے ساتھ سفری سہولتوں سے فیض یاب ہو رہے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ خيبرپختونخوا ميں بسنے والے بھی مجھے اتنے ہی عزيز ہيں، جتنے پنجاب ميں بسنے والے شہری ليكن نيازی صاحب كو پنجاب ميں بسنے والے شہريوں كی ترقی و خوشحالی عزيز نہيں، اس لئے انہوں نے ميٹرو بس كو جنگلا بس كہا جوعوام كی توہين ہے، نیازی صاحب نے چار برس كا قیمتی وقت ضائع كیا لیكن اب ہم چاہتے ہیں كہ پشاور میں میٹرو منصوبے پروقت ضائع كئے بغیر دن رات كام كیا جائے اور اسے جلد مكمل كیا جائے تاكہ خیبرپختونخوا كےعوام بھی میٹرو بس جیسی بہترین سفری سہولتوں سے مستفید ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیازی صاحب نے ملک و قوم كے چار برس ضائع كئے، آپ نے دھرنے دیئے، لاک ڈاؤن كیا اوراحتجاجی ریلیاں نكال كر اپنے صوبے كے عوام كو ترقی وخوشحالی سے محروم كیا، معیشت كا دھڑن تختہ كرتے رہے اور جب الیكشن كا سال آیا تو انہیں میٹرو بس كے منصوبے كی یاد آگئی ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ابھی ترقی اورخوشحالی كے بہت كام كرنے ہیں، اسپتال، اسكول، سڑكیں اور پانی كے منصوبے بنانے ہیں جب کہ وزیراعظم نوازشریف كی قیادت میں كاشتكاروں كی فلاح و بہبود كے لئے اربوں روپے كا كسان پیكیج دیا گیا ہے اور كاشتكاروں كے لئے كھادوں كی قیمتوں كو كم كیا گیا ہے لیکن اس کے برعکس ماضی میں اربوں روپے كے قرضے ہڑپ كئے گئے او رقومی وسائل پر ڈاكہ زنی كی گئی۔