کوئٹہ: ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینیٹر سید فیصل احمدنے کہاہے کہ بلوچستان کے 19اضلاع میں تین روزہ پولیو مہم آج بروزپیر17اپریل سے شروع ہوگا جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ تین روزہ انسداد پولیومہم کے دوران16 اضلاع میں 5سال تک کے عمر کے بچوں کو 10لاکھ 54ہزار91بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ تین اضلاع پشین،قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ کے 15 یونین کونسلز میں انجیکٹیبل پولیو ویکسین (آئی پی وی) کے ایک لاکھ بیس ہزار سے زائددو سال سے کم عمر بچوں کو ٹیکے لگائے جائینگے ۔پولیو مہم کے سلسلے میں 3893 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں 3241موبائل ٹیمیں ،458فکسڈ سائٹ اور194ٹرانزٹ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ سید فیصل احمد نے کہا ہے کہ پولیومہم کے سیکورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، سیکیورٹی کے فرائض پولیس ،لیویز اورفرنٹیئرکورکے جوان سرانجام دیں گے۔ سید فیصل احمد نے کہاکہ انسداد پولیومہم کو کامیاب بنانے اورہربچے کو قطرے پلانے کیلئے کمیونٹی ہیلتھ رضاکاروں کی بھی خدمات لی جارہی ہیں جو ہائی رسک علاقوں میں کام کریں گے۔پاک افغان سرحدی علاقوں میں پولیو کے تدارک پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اس ضمن میں اقدامات کئے گئے ہیں۔پاک افغان سرحدی گیٹ پر دس سال عمر تک کے بچوں کو پولیوکے قطرے پلائے جائیں گے۔سید فیصل احمد نے کہا کہ پولیو مہم کوبہتر بنانے کیلئے علماء کرام،قبائلی رہنماو ں اورمعتبرین کی بھی مدد لی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت دنیابھر میں پاکستان اورافغانستان دو ایسے ممالک ہیں جہاں پرپولیووائرس بدستور موجود ہے 2017ء میں پاکستان میں اب تک 2کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔پولیو مہم صوبے کے جن اضلاع میں شروع کی جارہی ہے ان میں آواران، ڈیرہ بگٹی، بولان ،گوادر،ہرنائی،جعفرآباد ، جھل مگسی، قلعہ سیف اللہ،کیچ،کوہلو،لورالائی،مستونگ،نصیرآباد،پنجگور،سبی،زیارت اور جبکہ قلعہ عبداللہ ،پشین اور کوئٹہ کے 15 یونین کونسلز شامل ہیں۔سید فیصل احمد نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے مرض سے بچانے کیلئے پولیو سے بچاو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ بچوں کو پولیو جیسی موزی مرض سے بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ یونیسیف کے تعاون سے اب تک صوبے میں پولیو مہم میں کافی کامیابی ملی ہے اور پولیو کے مکمل خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی۔