|

وقتِ اشاعت :   April 18 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں عمارت کے تنازع پر کریکر بم حملے میں چھ سالہ بچہ جاں بحق اور چار بچے زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ پیر کی دوپہر جناح ٹاؤن کے کلی برات میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ایک تین منزلہ عمارت کے باہر کریکر بم پھینکا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کی زد میں آکر ڈیرہ اللہ یار کے رہائشی شبیر حسین جمالی کا چھ سالہ بیٹا چھ سالہ حسین بخش موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چار بچے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں دو سالہ فرزانہ دختر رب نواز لاشاری ، چار سالہ نادیہ دختر رب نواز لاشاری، تین سالہ اعجاز احمد ولد نیاز محمد لاشاری اور پانچ سالہ فہمیدہ دختر فیض محمد لاشاری ساکنان ڈیرہ مراد جمالی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ پہنچایا گیا۔ ڈاکٹر کے مطابق چاروں بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے چھوٹے نوعیت کے نان الیکٹریکل ڈیوائس کے ذریعے دھماکا کیا۔ مقتول بچے کے والد شبیر حسین جمالی کا کہنا ہے کہ وہ تین منزلہ کرایے کی عمارت میں دوسرے خاندانوں کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ اس عمارت پر ملکیت کا تنازع چلا آرہا ہے۔ عمارت کے مالک کو دھمکیاں مل رہی تھیں۔ اس سے پہلے بھی عمارت پر دو مرتبہ حملہ ہوچکا ہے۔ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق عینی شاہدین نے اپنے بیانات میں بتایا ہے کہ گاڑی میں سوار حملہ آوروں نے رومال میں لپٹا کریکر پلازے کے باہر پھینکا پلازے کے باہر کھیلتے بچوں نے رومال اٹھایا تو دھماکا ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے محرکات معلوم کرنے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔