خضدار : صوبائی وزیر زراعت و فنانس سردار محمد اسلم بزنجو نے کہاہے کہ مردم شماری کو ذاتی ذمہ داری سمجھ کر اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے ۔مردم شماری موت و زیست کا مسئلہ بن چکی ہے مردم شماری سے پہلو تہی ہمارے مستقبل کی ترقی میں روکاوٹ بن سکتی ہے اس سلسلے میں بلوچ عوام مین حیث القوم مردم شماری میں حصہ لیکر خانہ شماری اور مردم شماری کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں۔عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں جن سے عوام کے اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں عوام کی معیار زندگی بلند کرنے کے لئے مذید کروڑں روپے کی اسکیمات بنائے جارہے ہیں۔ہماری عوام دوستی کا نتیجہ ہے کہ دیگر جماعتوں سے مستعفی ہو کر رہنماء و کارکن بڑی تعداد میں نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھٹان خضدار میں مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہو کر نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیا ر کرنے والے کارکنوں سے خطاب کررہے ہیں تقریب سے ڈسٹرکٹ کونسل خضدار کے وائس چیئرمین عبدالحمید ایڈووکیٹ ،میئر خضدار میر عبدالرحیم کر د، میر سلمان زہری میر اشرف علی مینگل میر عبدالوہاب غلامانی منیراحمد بلوچ عبیداللہ گنگو و دیگر خطا نیشنل پارٹی میں شمولیت کرنے والوں میں رئیس خدا بخش اللہ ڈنا اور ان کے دیگر ساتھی شامل تھے۔ صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے کہاہے کہ ہماری مشن عوام کی ترقی اورلوگوں کی فلاح و بہبود ہے اور یہ بات دعوے کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ عوام کے مسائل کافی حد تک حل کرچکے ہیں ۔ رواں سال کے آخر تک خضدار کو قدرتی گیس مل جائیگی۔یہ بات ہم خوشی کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے وہ بتدریج حل ہورہے ہیں جب نیت صاف ہوں تو اللہ تعالیٰ کامیابی عطاء فرماتاہی ہے ۔ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام ، کسان، اور مزدور ہی کو اپنی سیاست کا محور و مرکز بناکران کے حقوق کے لئے جدوجہد کرتی رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج عوام کی ایک جم غفیر نیشنل پارٹی کی پلیٹ فارم پر گوشہ عافیت محسوس کررہی ہے ۔ ہمیں عوام کی طاقت کا بخوبی انداز ہ ہے۔ ہمیں دوسروں کی طرح ہوا میں تیر پھینکنے کی عادت نہیں ہم صرف اور صرف حقائق پر ہی بات کرتے ہیں اور اس پر کاربند رہتے ہیں۔ہم جمہوری سیاست کے پیرو کار ہیں اورالیکشن و جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور اپنے مخالفین کو بتادینا چاہتے ہیں کہ وہ الیکشن میں ہمارا مقابلہ کرکے دکھائیں۔بلدیاتی الیکشن میں چار جماعتی اتحادکے باوجود ہماری جماعت نے تن تنہا جو کامیابی حاصل کی تھی اگلے قومی الیکشن میں اسی تاریخ کو ایک بار پھر دھر ا کرالیکشن مقابلے کو اپنے نام کرلیں گے۔ سیاست میں جھوٹ اور فریب کا دور ختم ہوچکا ہے ۔ موجودہ دور کردار اور عملی اقدامات کا ہے ۔جب تک عوام کے ساتھ سچائی بیا ن نہیں کی جائیگی اس وقت تک عوام کا اعتمادآپ پر قائم نہیں ہوسکتاہے۔ نیشنل پارٹی کے پاس سچائی بیان کرنے کا نسخہ موجود ہے یہی وجہ ہے کہ ہر بار عوام کا اعتماد اور پذیرائی ہماری ہی جھولی میں آتی ہے ۔سردار محمد اسلم بزنجو نے اپنی تقریر میں مجمع سے اپیل کی کہ وہ بطور بلوچ قوم متحد ہو کر زندگی گزاریں ۔ قبائلی شاخ اور زئی میں بٹنے کی بجائے متحد ہوجائیں اس حوالے سے پشتون قوم پر ست ہمیں طعنے دیتے ہیں کہ آپ متحد نہیں ہیں تو ہمیں کوئی کیونکر ہی طعنہ دے لہذا بلوچ قوم کی حیثیت سے آپ متحد ہوجائیں تعلیم کو عام کریں ۔