کوئٹہ: کوئٹہ میں ایف سی ناکے پر نہ رکنے پر اہلکاروں کی فائرنگ سے چار افراد زخمی ہوگئے۔زخمی افراد میں دو سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ محمد اقبال کے مطابق کوئٹہ کے علاقے جائنٹ روڈ پر بینظیر پل کے نیچے لگے ناکے پر ایف سی اہلکاروں نے دو مشتبہ موٹرسائیکل سواروں پر فائر کھول دیا۔فائرنگ کے نتیجے میں دونوں موٹرسائیکل سوار اور دو راہ گیر بھی زخمی ہوگئے۔زخمی موٹرسائیکل سواروں کی شناخت بعد ازاں پاک فوج کے اہلکاروں کے طور پر ہوئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال پہنچایا گیا ۔ ڈاکٹر کے مطابق زخمی حوالدار محمد افضل ولد محمد رمضان کو دائیں ہاتھ پر ، لانس نائیک شفقت ولد غلام بیدار اعوان سکنہ راولپنڈی کو پیٹ میں گولی ہے۔جبکہ راہ گیر عبدل احمد ولد عبدالصمد نورزئی سکنہ کچلاک کو بائیں پاؤں پر اور محبوب ولد فضل محمد اچکزئی سکنہ جوائنٹ روڈ پر بائیں پاؤں پر ایک گولی لگی۔ زخمی آرمی اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا جہاں زخمی شفقت کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ،ایف سی اور دیگر قانون نافذکرنیوالے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی گئی۔زخمی اور فائر کرنیوالے اہلکاروں کے بیانات قلمبند کرکے محکمانہ تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔