|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2017

خضدار: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و صوبائی وزیر زراعت سردار محمد اسلم بزنجو نے کہاہے کہ ہم نے عوام کے لئے ترقی اور فلاح وبہبود کی مثبت راہ متعین کرلی ہیں ، ہمارے ان اقدامات سے عوام کو خوشحالی مل رہی ہے ان کے مسائل حل ہورہے ہیں جس دن عوام نے ہمیں اپنا عوامی نمائندہ منتخب کرلیا اسی روز اوّل سے ہم اسی جدوجہد اور کوششوں میں مصروف عمل ہیں کہ عوام کے مسائل کیسے حل کریں ان کے مسائل کیسے کم کرسکیں اسی حکمت عملی کے تحت ہم نے عوام کے بنیادی مسائل کو ترجیح دیکر ان کے حل و عوام کی خوشحالی کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں ۔ آج ہڑنبو میں 15کروڑ روپے کی لاگت سے ایک ڈیم منصوبہ معیاری انداز میں قبل از مدت مکمل ہوچکا ہے ۔جس کا ہم افتتاح کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں کہ اس سے آس پاس کی آبادی سیراب ہوگی اور انہیں پانی کی قلت کا مسئلہ درپیش نہیں آئیگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہڑنبو ڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین عبدالحمیدبلوچ،حاجی احمد نوازب ، ارباب بزگراور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں میئر خضدار میرعبدالرحیم کرد ،اسسٹنٹ کمشنر خضدار جمعداد خان مندوخیل ، اسسٹنٹ کمشنر وڈھ عبدالقدوس اچکزئی ، پرنسپل بی آرسی حاجی محمد عالم جتک ،پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد عمران درانی،میر نورالحق گزگی مینگل،ایکسیئن محمد رحیم بنگلزئی ،ناصر بلوچ ، نثار احمد،مولانا عبدالحکیم گزگی ،میر اشرف علی جتک ،علی مینگل ،انجینئر سرور، سردار زادہ میر شاہ میر خان بزنجو ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شاہجہان محمد حسنی،اے سی نصیراحمد میروانی و دیگر موجو دتھے ۔اس سے قبل ہڑنبو میں 15کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا ڈیم کا افتتاح صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے کی،اور منصوبے کی کامیاب تکمیل پر شکرانے کی دعاء کی گئی ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت سردار محمد اسلم بزنجو نے کہاکہ ہم نے عوام کی انتہائی اہم ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اس علاقے میں ڈیم کا منصوبہ بنایا ، جس کی مدت تین سال تھی اور یہ منصوبہ قبل ازوقت انتہائی معیاری انداز میں مکمل ہوگیا ہے، ہڑنبو میں ڈیم بننے سے قرب و جوار کی آبادی پانی کی نعمت سے مستفید ہوگی ، اور زیر زمین پانی کی قلت کا مسئلہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے حل ہوگا ۔ ایک اور منصوبہ زیر غور ہے جو جلد وفاقی حکومت سے منظور کرایا جائیگا ۔ جس میں 11ڈیمز ہیں اور یہ اربوں روپے کا پراجیکٹ ہے ۔ جب کہ اس کے علاوہ 23کروڑروپے کی لاگت سے تحصیل نال میں ایک ہسپتال بن رہاہے جس کی تکمیل سے مقامی عوام کو علاج و معالجے کی تمام سہولیات میسر آئیں گی اور عوام کو دوسرے علاقوں میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔بہت جلد یہ منصوبہ مکمل ہوگا میں از خود اس کا افتتاح کرونگا۔