|

وقتِ اشاعت :   April 28 – 2017

لاہور: پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان 10 ارب کی بات کرتے ہیں انہیں تو10 روپے بھی نہیں دیئے جا سکتے۔ لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان اداروں کو دباؤ میں لانے کے لئے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں، انہوں نے اختلافی نوٹ کو بری طرح سے اچھالا ہے، عمران خان کو تو10 روپے بھی نہیں دیئے جاسکتے، وہ ہرعزت دارکی عزت اچھالنا اپنا مقصد سمجھتے ہیں اور یہ باورکرانا چاہتے ہیں کوئی عزت بچانا چاہتا ہے تو ان کے مقاصد کے مطابق عمل کرے۔ الزام خان کے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں جلسے کے مقاصد غیر آئینی ہیں جب کہ آج کا جلسہ قوم کے ساتھ بڑا بڑا مذاق ہے، عمران خان کو راولپنڈی کے شیطان اور ایک مکار مولوی کی حمایت حاصل ہے۔ رانا ثنا اللہ نے وزیراعظم نوازشریف سے بھارتی کاروباری شخصیت سجن جندال کی ملاقات کے حوالے سے کہا کہ کاروباری شخصیت کے پوری دنیا میں لوگوں کے ساتھ تعلقات ہوتے ہیں، جندال ایک کاروباری شخصیت ہے جن کا حسن اورحسین نوازسے بھی کاروباری تعلق ہے، جندال کی ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی کوئی بیک یا فرنٹ ڈورپالیسی نہیں تھی، اس ملاقات سے متعلق کل جو وضاحت کی گئی ہے وہی سچ ہے، اب جس کا جتنا گھٹیا ذہن ہے وہ اس ملاقات کو ویسا ہی بنارہا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اللہ جانتا ہے جج صاحب نے پاناما فیصلے میں اطالوی ناول کوحصہ کیوں بنایا، نہ جانے کیوں جج صاحب نے قران و حدیث کواستعمال کیا نہ خطے کے کسی اور ناول کو۔ لاہور میں اورنج لائن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اورنج لائن وقت کی ضرورت ہے، لوگ اپنے مقاصد کےلیے اس منصوبے کی مخالفت کررہے ہیں، 5 سال بعد اس منصوبے کی قیمت 5 سو ارب روپے ہوگی، دنیا کا کوئی میٹروسٹی بتائیں جہاں ٹرینیں نہیں اورلاہورمیں بھی اورنج گرین لائن سمیت دیگرٹرینوں کی سہولت ہونی چاہیے۔