|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2017

لاہور: وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت شاہدرہ سے رائے ونڈ تک ریلوے گرین کوریڈور پر اجلاس میں پی ایچ اے حکام نے بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ شاہدرہ سے رائے ونڈ تک چالیس کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کے دونوں اطراف ملک کی طویل ترین گرین بیلٹ بنے گی جہاں ریلوے کی زمین پر عوام کو پارک، نوجوانوں کو جم اور بچوں کو پلے ایریاز بھی دئیے جائیں گے۔ وزیرریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ٹریک کے ساتھ گندگی کے ڈھیر ختم کریں گے، اپنی زمین قبضہ گروپوں سے بھی بچائیں گے۔ اجلاس میں اتوار کی چھٹی کے باوجود اجلاس میں سی ای او پاکستان ریلویز جاوید انور، ایڈوائزر ریلویز انجم پرویز، چیف انجینئر بشارت وحید،ایس لاہور سفیان ڈوگر، ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈز حفیظ اللہ اور دیگر حکام نے شرکت کی جبکہ وائس چئیرمین پی ایچ اے افتخار احمد، اور ڈی جی پی ایچ اے شکیل احمد سمیت دیگر حکام نے بریفنگ دی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سی پیک کے تحت آپ گریڈیشن کے بعد ریلوے ٹریک پر ٹرین 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی، یہا ں کثیر تعداد میں درخت لگانے کے بعد شور اور فضائی آلودگی پر بھی قابو پایا جائے گا۔ انہوں گرین ایریاز میں رات کی رانی سمیت دیسی درخت لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ خاص طور پر کم آمدنی والے علاقوں میں عوام کیلئے ہارک، نوجوانوں کے لئے جم اور بچوں کے لئے جھولے اور پلے ایریاز ریلوے کی طرف سے تحفہ ہوں گے اور گرین بیلٹ پر ریلوے کی کوچز میں کینٹین اور ریسٹورنٹ قائم کرنے کی بھی پیشکش کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ریلوے افسران ہفتے کی چھٹی بھی نہیں کرتے، اتوار کو بھی اپنے ساتھ کام کرنے پر سراہتا ہوں ہمارا لانگ ویک اینڈ یہی ہے کہ ہم چھٹی کے دن بھی کام کرنے کو ہی انجوائے کرتے ہیں۔