|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2017

کوئٹہ: ضلع کیچ میں فورسز پر بم حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 5سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے، واشک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ ایک کو اغواء کر لیا گیا، ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کا دھماکہ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، سیکورٹی فورسز نے ڈیرہ بگٹی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا ،سیکورٹی حکام کے مطابق کیچ کے علاقے تمپ سے تقریبا دس کلومیٹر دور پھل آباد میں نہنگ ندی کے قریب ایف سی کے قافلے کو نامعلوم افرادنے سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی کو نقصان پہنچا اور اس میں سوار چار اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں سپاہی اسلم کو بائیں پاؤں، سپاہی حاجی خان کو دونوں پاؤں ،سپاہی کاشف کو بائیں پاؤں اور ہاتھ پر ، سپاہی منور اقبال اور سپاہی ذوالقرنین کو معمول زخم آئے ہیں۔ سیکورٹی اہلکار تمپ، پھل آباد، کوشقلات، کوہاڑ اور ملانٹ میں سرچ آپریشن کے بعد واپس جارہے تھے جب ان پر حملہ کیا گیا۔ ادھر ایک اور واقعہ تربت سے تقریبا سو کلومیٹر دور گٹکی نالہ ہوشاب میں ایف سی 82ونگ کے گشت میں مصروف اہلکاروں پر نامعلوم موٹر سئایکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سپاہی شعیب اقبال پاؤں پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔دوسری جانب ضلع ڈیرہ بگٹی سے 28کلومیٹر دور سنگسیلہ میں نامعلوم تخریب کاروں نے سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا اس وقت کیا جب وہاں سے ایک سنگل ڈور پک اپ مسافر گاڑی گزر رہی تھی۔دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کا اگلا شیشہ ٹوٹ گیا تاہم ڈرائیور ثناء اللہ ولد اثر خان بگٹی اور دیگر سواری محفوظ رہے، ایف سی حکام کے مطابق ڈیرہ بگٹی سے 35کلو میٹر دور تنکخ اور سوری نالہ میں حساس ادارے نے ایف سی کے ہمراہ ملکر سرچ آپرشن کیا۔ آپریشن سرنڈر شدہ فراریوں کی اس اطلاع پر کیا گیا کہ وہاں کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی نے بھاری مقدار میں اسلحہ چھپایا ہوا ہے۔ کاروائی کے دوران فورسز نے زیر زمین چھپایا گیااسلحہ برامد کرلیا۔ اسلحہ میں 280 کلو بارودی مواد،282عدد ڈیٹونیٹرز ،250 عددبارودی ڈیٹونیٹنگ کارڈ اورایک عدد12.7ایم ایم گن ،کے علاوہ اینٹی ایئر گرافٹ گن کی 1210 عدد گولیاں شامل ہیں،لیویز کے مطابق منگل کی علی الصبح چار بجے تحصیل ناگ کے علاقے سعید آباد میں چار موٹر سائیکل پر سوار چھ مسلح نقاب پوش افراد نے اسلحہ کے زور پر امین ولد محمد نور سکنہ مشکے آواران اورمحمد نعیم ولد شفیع محمد سکنہ گچک پنجگور کو اغواء کرنے کی کوشش کی ۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے امین کو قتل کردیا اور محمد نعیم کو اپنے ہمراہ لے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں افرادپہلے کالعدم تنظیم علیحدگی سے وابستہ تھے اور گزشتہ سال ہتھیار ڈال کر خود کو فورسز کے حوالے کردیا تھا۔