|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2017

کو ئٹہ: بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے سرکاری حج کوٹہ میں بلوچستان کو نظر اندار کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کا رویہ بلوچستان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا ہے حکمران بلوچستان کو ہر شعبہ میں پسماندہ رکھنے کی کوشش کررہے ہیں حج کوٹہ میں بلوچستان کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہیں وفاقی حکومت اس پر فوری طور پر اس کا نوٹس لیں اور بلوچستان کو دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ کوٹہ دیا جائے اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع ، مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل ،عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء ملک عبدالولی کاکڑ ، رشید خان ناصر نے بات چیت کرتے ہوئے کیااپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ وفاق نے ہمیشہ بلوچستان کو ہر حوالے سے پسماندہ رکھنے کی کوشش کی ہے وفاقی پی ایس ڈی پی میں فنڈز کم رکھنے صوبے کے حقوق نہ دینے کے ساتھ ساتھ حج کوٹہ میں بھی صوبے کے ساتھ نہ انصافی کی گئی ہے وفاقی حکومت کو چاہیے کہ بلوچستان کے عوام کو سرکاری حج کوٹہ میں انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں پرائیویٹ حج غریب عوام کے بس میں نہیں ہے اگر انصاف نہ کیا گیا تو جمعیت علماء اسلام بھر پور احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر اور صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ وفاق سرکاری حج کوٹہ میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر صوبے کے عوام کے ساتھ انصاف کیا جائے بلوچستان اور خیبر پشتونخوا میں مذہبی رجحان بہت زیادہ ہے اور یہاں کے لوگ عبادت بھی زیادہ کرتے ہیں پنجاب میں 20میں سے 2لو گ حج کرنے جاتے ہیں تو بلوچستان میں 20میں سے 15لوگ حج پر جاتے ہیں تو اس لئے یہاں پر سرکاری حج کوٹہ زیادہ دیا جائے اے این پی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے جس طرح صوبے کو پسماندہ رکھنے کی کوشش کی ہے اسی طرح حج کوٹہ میں بھی صوبے کا کوٹہ کم کرنے کیلئے قرعہ اندازی میں بد نیتی کا مظاہرہ کیا ہے اس کا فوری طورپر نوٹس لیا جائے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا کہ وفاق کبھی بھی بلوچستان کے حقوق پر سنجیدہ نہیں ہے وفاق میں جس کی بھی حکومت ہے وہ بلوچستان کو ہر حوالے سے پسماندہ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں وفاقی حکومت سرکاری حج کوٹہ میں بھر پور اقدامات اُٹھائیں ۔