کوئٹہ : بلوچستان کے محکمہ خزانہ نے آئندہ مالی سال کی تیاری شروع کردیں ،2017-18کے بجٹ کا حجم تین سو ارب سے زائد ہوگا ،بجٹ میں سب سے زیادہ رقم تعلیم ،امن وامان اور صحت کیلئے رکھی جارہی ہے،سیکرٹری خزانہ بلوچستان اکبر حسین درانی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ صوبے کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کاکام شروع کردیا گیا ہے ،انہوں نے بتایا کہ بجٹ بنانے سے قبل صوبے کے تمام محکموں سے مشاورت کی گئی بجٹ کے سلسلے میں تمام محکموں کے وزرا اور صوبائی سیکرٹریز سے رائے لی گئی ہے ،انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دس محکموں کو ان کیلئے رکھی گئی رقم بتائی گئی ہے اور ان محکموں کو ان کا بجٹ تیار کرنے کیلئے کہا گیا جس سے ان محکموں بہتر ترجہات آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل ہوسکیں گی ،اکبر درانی نے بتایا کہ صوبے کا بجٹ تین سو ارب سے زائد ہوگا رواں سال کے بجٹ کی نسبت غیرترقیاتی بجٹ میں کمی اور ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا ،انہوں نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اسی شرح سے اضافہ کیا جائے گا جتنا وفاقی حکومت اپنے ملازمین کیلئے کرے گی ،سیکرٹری خزانہ بلوچستان نے مزید بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آب نوشی کی اہم اسکیموں اور سٹرکوں کی تعمیر کے اہم منصوبے بھی شامل کئے جارہے ہیں ۔