|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2017

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہےکہ ملک بھر میں قومی تعمیر کے منصوبے مکمل کرنے پر پاک فوج کو فخر ہے اور یہ منصوبے پاکستانی عوام کیلیے ہماری مسلسل خدمت کا حصہ ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حیدرآباد گیریژن کا دورہ کیا جہاں ان کا کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے استقبال کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف کو حیدر آباد گیریژن اور تھر کے آپریشنل و انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ پاک فوج نے تھر کے عوام میں 2014 سے اب تک 4 ہزار ٹن راشن تقسیم کیا اور اس راشن سے ایک لاکھ 90 ہزار خاندانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے، تھر میں آرمی میڈیکل ٹیموں نے ایک لاکھ 61 ہزار مریضوں کو طبی امداد دی جب کہ 7 لاکھ مویشیوں اور 6 لاکھ آبادی کو واٹر سپلائی دی گئی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے حیدر آباد گیریژن کی چھاؤنی کی کاوشوں کو سراہا جب کہ افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں قومی تعمیر کے منصوبے مکمل کرنے پر پاک فوج کو فخر ہے اور یہ منصوبے پاکستانی عوام کیلیے ہماری مسلسل خدمت کا حصہ ہیں۔