|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2017

چمن: پاک افغان سرحد کے دونوں جانب فورسزمورچہ بند ہوگئے ہیں جب کہ سرحد سے ملحقہ 4 کلومیٹر کے علاقے کو نومین ایریا قرار دے دیا گیا ہے۔ بلوچستان کے علاقے چمن میں واقع پاک افغان سرحد پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور دونوں جانب سے فورسز مورچہ بند ہیں۔ جب کہ سرحد سے ملحقہ 4 کلومیٹر کے علاقے کو نومین ایریا قرار دے دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز افغان بارڈر فورسز کی جانب سے پاکستان میں مردم شماری ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم افغان فورسز کی فائرنگ اور گولہ باری سے 11 عام پاکستانی شہری شہید جب کہ 46 افراد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد پاکستانی دفترخارجہ نے افغان ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا تھا جب کہ دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز نے بھی ہاٹ لائن پر رابطہ کیا اورفائرنگ کا سلسلہ تھم گیا تاہم دونوں اطراف تاحال کشیدگی برقرار ہے اور سرحد پر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے. کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کے تازہ دم دستے بھی باب دوستی پر پہنچ چکے ہیں جب کہ پاک فوج کے 3 ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سرحد کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔