|

وقتِ اشاعت :   May 8 – 2017

کوئٹہ+چمن: پاک افغان سر حد باب دوستی گیٹ چمن تیسرے روز بھی آمدورفت اور تجارتی سر گرمیوں کے لئے بند رہا ایف آئی کا امیگریشن اور کسٹم کے دفاتر بھی بند رہے 15 ہزار سے زائد سرحدی علاقوں اور کلیوں سے مکین نقل مکانی کر کے پرانہ چمن درہ کوژک پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بنائی گئی خیمہ بستی منتقل ہو رہے ہیں جبکہ چمن بارڈر کے علاقوں میں موجود ٹرکوں، کنٹینروں اور دیگر لوڈ گاڑیوں کو وہاں سے علاقہ خالی کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں تفصیلات کے مطابق گزشتہ تین روز قبل افغان فورسز کی جانب سے فائرنگ اور گولہ باری کے باعث چمن سر حد اور شہر ی علاقوں میں فائرنگ اور گولہ باری سے دو سیکورٹی اہلکاروں سمیت11 شہریوں کی شہادت اور4 اہلکاروں سمیت43 شہریوں کے زخمی ہونے کے بعد پاک افغان سر حد کو باب دوستی گیٹ کو بند کر دیا گیا تھا جس سے تمام تجارتی سر گر میوں کے ساتھ ساتھ پیدل آنے جانے والوں سمیت نیٹو ، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور دیگر گاڑیوں کی آمدورفت بھی بند ہو گئی تھی اور پاک افغان سر حد پر کشیدگی کی وجہ سے چمن شہر اور سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لو گوں میں شدید تشویش اور خوف پایا جا تا ہے جس کی وجہ سے سرحد سے متصل علاقوں اور دیہاتوں میں رہائش پذیر علاقہ مکین محفوظ مقامات پر نقل مکانی کر گئے ہیں ذرائع کے مطابق15 ہزار سے زائد لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر قیصر خان ناصر کا کہنا ہے کہ سرحد سے متصل علاقوں اور کلیوں سے نقل مکانی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پرانہ چمن درہ کوژک پر خیمہ بستی بنائی جا رہی ہے تاکہ لو گوں کو وہاں پر منتقل کیا جا سکے ،پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی فلیگ میٹنگ میں سرحد کی جغرافیائی حدود کے تعین پر اتفاق ہوگیا ہے چمن میں باب دوستی پر پاک افغان سرحد پر کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاک افغان فوجی حکام کے درمیان تیسری بار فلیگ میٹنگ ہوئی میٹنگ میں پاکستانی وفد کی قیادت کمانڈر نارتھ سیکٹر بریگیڈیئر ندیم سہیل اور افغان وفد کی قیادت کرنل محمد شریف نے کی جبکہ میٹنگ میں پاکستان اور افغانستان کے جیولوجیکل سروے ٹیمیں بھی شریک تھیں پاک افغان فوجی حکام کی فلیگ میٹنگ میں کلی لقمان اور کلی جہانگیر کا ارضیاتی سروے کرانے پر اتفاق ہوگیا ہے،مشترکہ جیولوجیکل سروے کے بعد رپورٹ اسلام آباد اور کابل بھیجی جائے گی سیکورٹی حکام کے مطابق چمن میں ہونے والی فلیگ میٹنگ میں جیو لوجیکل سروے کی ٹیموں نے شرکت کی ،اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ سروے رپورٹ آنے تک چمن سرحد کو بند رکھا جائے گاجیالوجیکل ٹیمیں پاک افغان حکام کے ہمراہ کلی لقمان اور کلی جہانگیر سمیت زیرو لائن کے مختلف مقامات کا سروے بھی کریں گی، اس کے لئے دونوں ممالک کی جیولوجیکل ٹیمیں گوگل اور دیگر نقشوں سے بھی مدد لیں گی ۔سرحدی حدود کے تعین کے لیے پاک افغان جیولوجیکل ٹیموں نے مشترکہ سروے شروع کردیا ہے، سیکیورٹی حکام کے مطابق مشترکہ جیولوجیکل سروے میں 2 سے 3 دن لگ سکتے ہیں، چمن پاک افغان سرحد باب دوستی پر پیدل آمدروفت میں مقامی تاجروں اور مسافروں کو مشکلات کے حوالے سے سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ آفیسران اور قبائلی عمائدین پر مشتمل جرگے کے اراکین کو مکمل بریفنگ دی گئی بریفنگ فرنٹیئرکو ر ایف سی کے باب دوستی قلعہ کے کرنل چنگیز نے دی جنہوں نے پاک افغان سرحد پر ایگزٹ پوائنٹ پر مختلف مقاما ت پر دی اس موقع پر انہوں نے قبائلی عمائدین کے جرگے کو فرنٹیئر کور کی جانب سے قائم ایمرجنسی ہسپتال اور دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ نئے کاغذات کی مکمل جانچ پڑتال کیلئے سہولیات بھی دی گئی ہیں جو شام پاک افغان سرحد کے بندش کے بعد بھی ڈیڑھ گھنٹے تک کھلا رکھا جاتاہیں جبکہ انہوں نے مزید بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پاک افغان سرحد پر پاکستان کی طرف سے مسافروں اور تاجروں کیلئے ہرقسم کی سہولیا ت دی جارہی ہے اور پینے کے صاف پانی اور دیگر ہرطرح کے سہولیات دی گئی ہیں جبکہ پاک افغان سرحد پر پیدل آمدروفت کیلئے دخول اور اخراج تنگ راستے کے باعث عورتوں اور مردوں کے ایک ہی راستے کے باعث تاجروں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کیلئے پاک افغان سرحد پر کئی بار فلیگ میٹنگ میں اس ایشو کو افغان حکام کے سامنے اٹھایاگیا ہیں اور ان سے درخواست کی گئی ہیں کہ راستے کو وسعت دیاجا ئے تاکہ عوام اور مسافروں کو آنے جانے میں سہولیات میسر ہو ۔