گوادر: ڈپٹی کمشنر گوادر طفیل احمد بلوچ نے کہا ہے کہ لیویز کو مثالی فورس بنائیں گے ۔ تربیت حاصل کرنے والے لیویز نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا دوسرے مرحلے میں جوانوں کو تربیت فراہم کرنے کیلئے پاک فوج کی خدمات حاصل کی جائینگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیویز فورس کے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایک ماہ کے دوران لیویز فورس ضلع گوادر کے 69جوانوں کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی گئی ہے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ پاک فوج کی مشکور و ممنون ہے۔ کہ انہوں نے ہمارے لیویز فورس کے جوانوں کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی۔ یقیناًتربیت حاصل کرنے کے بعد لیویز فورس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگااور وہ ہر قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہونگے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دوسرے مرحلے میں بھی فورس کے جوانوں کو تربیت فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے جوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ خدمات کی فراہمی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر شہریوں کے جان و مال کی تحفظ اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے چوکس رہیں۔ تقریب میں سول و آرمی آفیسران و دیگر نے بھی خطاب کیا تقریب کے آخر میں تربیت مکمل پانے والے جوانوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔